بھٹکل ٹاون میونسپالٹی کے لئے کل جمعرات کو ہونے والے صدر اور نائب صدرکے انتخابات غیر معینہ مدت کےلئے ملتوی
بھٹکل 21 اکتوبر (ایس او نیوز) کل جمعرات 22 اکتوبر کو منعقد ہونے والے ٹاون میونسپالٹی صدر اور نائب صدر کے انتخابات غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی ہوگئے ہیں، اس بات کی اطلاع بھٹکل تحصیلدار روی چندرا نے دی۔
پریس ریلیز جاری کرتےہوئے انہوں نے بتایا کہ بنگلور ہائی کورٹ میں داخل کی گئی رٹ عرضی کے بعد حکومت کرناٹک اور اُترکنڑا ڈپٹی کمشنر کی طرف سے دی گئی ہدایات پر عمل کرتےہوئے انتخابات کو ملتوی کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ بھٹکل ٹاون میونسپالٹی میں جملہ 23 کونسلرس ہیں جس میں زیادہ تر کونسلرس تنظیم کی حمایت سے جیت حاصل کرنے میں کامیاب ہوئےہیں، بھٹکل میں صدر اور نائب صدر دونوں عہدوں کے لئے پہلے ریزرویشن کیا گیا تھا جو بعد میں منسوخ ہوگیا تھا اور اسے عام زمرے میں رکھا گیا تھا مگر پھر کولار کے باگے پلّی میں ٹاون میونسپل کونسل کے لئے ریزرویشن کو لے کر بعض لوگوں نے ہائی کورٹ سے اسٹے حاصل کیا تھا، اب وہی اسٹے کرناٹک کے تمام علاقوں کے ٹاون میونسپل کے صدارتی اور نائب صدارتی انتخابات پر بھی لاگو ہوئے ہیں۔ توقع کی جارہی ہے کہ کل جمعرات تک عدالت سے اُدھر کے ریزرویشن کے تعلق سے فیصلہ ہوگا۔