بچوں کوکھیل میں مکمل کوچنگ فراہم کرکے اُنہیں انٹرنیشنل سطح پر لے جانے 15 اپریل کو ہوگا بھٹکل اسپورٹس اکیڈمی کا شاندار افتتاح
بھٹکل یکم اپریل (ایس او نیوز) بھٹکل میں ہرسال بھٹکل کی بڑی بڑی ٹیموں کے زیراہتمام کرکٹ کے عالیشان ٹورنامنٹ منعقد ہوتے رہتے ہیں اور میچوں میں بھٹکل کے کھلاڑیوں کے پرفارمینس اور اُن کی شاندار کارکردگی کو دیکھتے ہوئے پروگرام میں شریک مہمان خصوصی ہر بار کھلاڑیوں اور آرگنائزرس کی تعریف کرتے ہوئے اس بات کو دہراتے ہیں کہ ہمارے نوجوانوں میں اتنا زبردست ٹیلنٹ ہونے کے بائوجود یہ کھلاڑی مقامی سطح سے آگے نہیں بڑھ پارہے ہیں، ایسے میں اکثر مہمان اس بات کا مشورہ دیتے ہیں کہ بھٹکل میں اسپورٹس اکیڈمی کی سخت ضرورت ہے جو بچوں کے کھیل کو نکھار سکے، اُنہیں مکمل ٹریننگ دے سکے اور اُنہیں آگے بڑھنے کی راہ دکھاسکے۔
لگتا ہے اب کھلاڑیوں کی اُمید برآئی ہے کیونکہ بھٹکل میں بہت جلد بھٹکل اسپورٹس اکیڈمی شروع ہورہی ہے جس کا شاندار افتتاح 15/اپریل کو کیا جارہا ہے۔ سعودی عربیہ کے بزنس ٹائکون جناب ارشاد صدیقہ کے ہاتھوں اکیڈمی کا افتتاح ہوگا، جبکہ کرناٹک اسٹیٹ کرکٹ اسوسی ایشن ،دھارواڑ زون کے کنوینر ایم بی بھوساد اور کرناٹک کرکٹ اسوسی ایشن، مینگلور زون کے کنوینر منوہر امین مہمان خصوصی کے طور پر شریک ہوں گے۔
اکیڈمی کے مینجنگ ڈائرکٹر جناب وسیم کے ایم نے بتایا کہ اکیڈمی کے ذریعے کرکٹ کے ساتھ ساتھ کبڈی کھلاڑیوں کو بھی مکمل کوچنگ فراہم کی جائے گی اور اُنہیں مقامی سطح سے ریاستی ، ملکی اور عالمی سطح تک لے جانے ہرممکن کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اکیڈمی میں بچوں کو کوچنگ فراہم کرنے ہبلی اور دیگر شہروں سے ماہرین کی خدمات حاصل کی گئی ہے۔
وسیم نے بتایا کہ بھٹکل اسپورٹس اکیڈمی میں آٹھ سال کے بچوں سے لے کر بڑی عمر کے کھلاڑیوں کو ٹریننگ دی جائے گی۔ اب چونکہ اسکولوں اور کالجوں میں چھٹیاں شروع ہورہی ہیں، ایسے میں سمر کلاسس کے ساتھ اکیڈمی میں ٹریننگ کا آغاز ہوگا۔ اکیڈمی میں داخلہ لینے کی کاروائی 3/اپریل سے شروع کی جارہی ہے جس کے لئے دفتر پہنچ کر متعلقہ فارم بھرنا ضروری ہے۔
وسیم کے مطابق پہلے 50 داخلہ لینے والے بچوں/کھلاڑیوں کو 20 فیصد کی خصوصی رعایت دی جارہی ہے۔ لہٰذا انہوں نے کھلاڑیوں سے درخواست کی ہے کہ پہلی فرصت میں اپنا نام رجسٹرڈ کرائیں۔اسپورٹس اکیڈمی میں گلف میں مقیم بچوں کے لئے اُن کی بھٹکل امد پر خصوصی پیکیج فراہم کرنے کی بھی وسیم نے بات کہی۔
وسیم کا کہنا ہے کہ بھٹکل کے کھلاڑیوں میں بہترین ٹیلنٹ پایا جاتا ہے، مگر وہ مقامی سطح پر ہی کھیل کر اپنا ٹیلنٹ ضائع کردیتے ہیں اگر ہمارے کھلاڑیوں پر تھوڑی سی محنت کی جائے تو وہ نہ صرف نیشنل لیول بلکہ انٹرنیشنل لیول پربھی آگے بڑھ سکتے ہیں، ایسے میں ضروری ہے کہ ہمارے کھلاڑیوں کو ماہر کوچ کے ہاتھوں ٹریننگ فراہم کریں۔
یاد رہے کہ حال ہی میں بھٹکل اسپورٹس اکیڈمی کی جانب سےبھٹکل اور اطراف کے کھلاڑیوں پر مشتمل ایک کرکٹ ٹیم نے ہبلی میں کرناٹکا اسٹیٹ اسوسی ایشن (کے ایس اے) فورتھ ڈیویژن میں حصہ لیا تھا اور شاندار کھیل کا مظاہرہ پیش کرتے ہوئے فائنل مقابلہ بھی جیت لیا تھا، اب وہ ٹیم کے ایس اے کے تھرڈ ڈیویژن کے لئے کولیفائی کرگئی ہے، تھرڈ ڈیویژن کے ٹورنامنٹ ہبلی میں اکتوبر میں کھیلے جائیں گے۔
وسیم نے بھٹکل سمیت اطراف کے علاقوں کے کھلاڑیوں سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ اس کیڈمی سےبھرپور فائدہ اُٹھائیں اور اپنے ٹیلنٹ کا صحیح استعمال کرتے ہوئے قومی ٹیم میں شامل ہوکر ملک و ملت کا نام روشن کریں۔
وسیم نے بتایا کہ بھٹکل اسپورٹس اکیڈمی کو قائم کرنے کے لئے سعودی عربیہ کے معروف بزنس ٹائیکون جناب صدیقہ ارشاد نے اُن کا بھرپور تعاون کیا ہے اور اُن ہی کے تعاون سے وہ اس کام کو آگے بڑھارہے ہیں۔
بھٹکل اسپورٹس اکیڈمی کا دفتر بھٹکل نیشنل ہائی وے، ٹی ایف سی کے بالمقابل سِم اینکلیو میں واقع ہے۔ وسیم سے موبائل نمبر 8904600600 پر بھی رابطہ قائم کیا جاسکتا ہے۔