بھٹکل اسپورٹس اکیڈمی کی طرف سے ضلع اُترکنڑا کی پانچ مختلف ٹیموں کے لئے کھلاڑیوں کا انتخاب؛ ضلع بھر سے 75 کھلاڑی ہوئے شریک
بھٹکل 13/اکتوبر (ایس او نیوز) بھٹکل اسپورٹس اکیڈمی کی طرف سے ضلع اُترکنڑا کی پانچ ٹیمیں انڈر۔14، انڈر۔16، انڈر۔19 اور سنئیر کھلاڑیوں پر مشتمل دو ٹیموں کے لئے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا جس کے لئے ضلع بھر سے 75 کھلاڑی شریک ہوئے تھے۔
بھٹکل اسپورٹس اکیڈمی کے مینجنگ ڈائرکٹر وسیم کے ایم نے بتایا کہ جمعہ11/اکتوبر اور اتوار 13/اکتوبر کو منعقدہ کھلاڑیوں کے انتخاب کے لئے انکولہ، سرسی، کاروار، کمٹہ، سداپور، ہوناور اور بھٹکل کے کھلاڑیوں نے حصہ لیتے ہوئے اپنا اپنا پرفارمینس پیش کیا اور بچوں کے پرفارمینس کے پیش نظر بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا۔
کرناٹکا اسٹیٹ کرکٹ اسوسی ایشن کے زیراہتمام منعقد ہونے والے فورتھ ڈیویژن کے ٹورنامنٹوں میں بھٹکل اسپورٹس کی طرف سے ضلع اُترکنڑا کی ٹیم بھی شریک ہوں گی ۔ وسیم کے ایم نے بتایا کہ بھٹکل اسپورٹس اکیڈمی کی سنئیر کھلاڑیوں پر مشتمل ایک ٹیم گذشتہ سال فورتھ ڈیویژن میں جیت درج کرتے ہوئے تھرڈ ڈیویژن میں داخل ہوچکی ہے، وہ ٹیم اب غالباً ڈسمبر اور جنوری میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں حصہ لے گی۔ اسی طرح فورتھ ڈیویژن کے ٹورنامنٹ جنوری اور فروری میں ہونے کی توقع ہے۔