بھٹکل،27/ فروری (ایس او نیوز) بھٹکل چن پٹن ہنومان مندر کا رتھ اتسوا امن و شانتی کے ساتھ اختتام پزیر ہوا۔ سالانہ جاترا کی مناسبت رتھ اتسوا اپریل کے مہینے میں منعقد ہوتا ہے۔ لیکن کووڈ وباء اور لاک ڈاون کے پیش نظر گزشتہ سال یہ تہوار منایا نہیں گیا تھا۔ اس لئے امسال کے طے شدہ تہوار سے قبل 26 فروری کو گزشتہ سال کا ملتوی شدہ تہوار منعقد کیا گیا۔
رتھ اتسوا سے متعلقہ رسوم کے مطابق مندر کے ذمہ داروں نے بھٹکل کے چرکن شاہبندری خاندان کی قدیم رہائش گاہ پہنچ کر رتھ کھینچنے کی اجازت طلب کی اور انہیں تہوار میں شرکت کی دعوت دی۔ پھر شام کے وقت ہزاروں بھکتوں کی موجودگی میں رتھ کھینچنے کی کارروائی انجام دی گئی۔
ایک اندازے کے مطابق 20 ہزار کے قریب بھکت اس جاترا میں شریک ہوئے۔ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لئے پولیس کی طرف سے سخت حفاظتی بندوبست کیا گیا تھا۔