بھٹکل سمیت ساحلی کرناٹکا میں بدھ کو منائی جائے گی عید؛ قاضی صاحبان کا اعلان
بھٹکل 3/جون (ایس او نیوز) بھٹکل سمیت ساحلی کرناٹک اور پڑوسی ریاست کیرالہ میں قاضی صاحبان نے اعلان کیا ہے کہ کہیں پر بھی نیا چاند نظر نہیں آیا ہے، اس لئے تمام علاقوں میں کل 30 واں روزہ رکھا جائے گا اور بدھ کو عید الفطر منائی جائے گی۔
بھٹکل کے قاضی مولانا محمد اقبال مُلا ندوی اور مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ آج شوال کا چاند کہیں پر بھی نظر نہیں آیا ہے اس لئے بدھ کو عید ہوگی۔
مینگلور قاضی توکّا احمد مصلیار، اُڈپی قاضی بیکلار ابراہیم مُصلیار اور مولانا عُبیداللہ کنڈلوری ندوی نے بھی اعلان کیا ہے کہ ساحلی کرناٹکا سمیت پڑوسی ریاست کیرالہ میں بھی چاند نظر نہیں آیا ہے، اس لئے تمام علاقوں میں بدھ کو عید منائی جائے گی۔
بھٹکل کےساتھ ساتھ مرڈیشور، منکی، ہیرانگڈی، سڑلگی، سمسی اور کمٹہ میں بھی کل 30 روزے مکمل کرکے بدھ کو عید منائی جائے گی۔
خیال رہے کہ آج 29 روزے مکمل ہوتے ہی ساحلی علاقوں میں لوگوں نے چاند دیکھنے کی کوشش کی، مگر کہیں پر بھی چاند نظر نہیں آیا، ایسے میں سوشیل میڈیا پر ایک مسیج وائرل ہوگیا کہ کیرالہ کے وائناڈ میں چاند دیکھا گیا ہے، مگر پتہ چلا کہ اُس مسیج میں کوئی سچائی نہیں ہے اور کسی نے جان بوجھ کر شرارت کی ہے۔ بھٹکل قاضی صاحبان نے تمام مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ سوشیل میڈیا پر آنے والے مسیجس پر انکھ بند کرکے بھروسہ کرتے ہوئے اُسے دوسروں کو فارورڈ نہ کریں بلکہ اُس میں حقیقت ہے یا نہیں پہلے جانچ لیں۔