مرڈیشور میں پکوان گیس پر متعینہ قیمت سے زائد وصولی کی شکایت کامعاملہ : گیس ایجنسی کے خلاف کیس درج، جانچ جاری
بھٹکل:15؍ جنوری (ایس اؤ نیوز) مرڈیشور کے علاقے میں پکوان گیس پر طئے شدہ قیمتوں سے زائد رقم وصول کئے جانے پر گیس ایجنسیوں کے متعلق عوام نے سخت اعتراض جتاتےہوئے محکمہ تغذیہ کے افسرسے کارروائی کا مطالبہ کیا تھا جس پر کاروائی کرتے ہوئے محکمہ تغذیہ نے معاملہ کو سنگین مانتےہوئے بھٹکل تحصیلدار کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس معاملے کی جانچ کریں۔
تعلقہ کی چند گیس ایجنسیاں پانچ کلومیٹر کے حدود میں پکوان گیس سپلائی کے لئے متعینہ رقم سے زائد اینٹھنے کی شکایات کو لے کر ساحل آن لائن سمیت دیگر کنڑا میڈیا میں اس تعلق سے تفصیلی خبر شائع ہوئی تھی ۔ محکمہ تغذیہ اور شہری سپلائی کے نائب ڈائرکٹر نے 24ڈسمبر کو بھٹکل کے تحصیلدار کو ہدایت دی کہ وہ اس معاملے کی تفتیش کریں۔ بھٹکل تحصیلدار نے 27ڈسمبر کو گیس ایجنسیوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 28ڈسمبر کو پوچھ تاچھ کے لئے حاضر ہونےکہا تھا۔ گیس ایجنسیوں سے کہاگیا تھا کہ پکوان گیس سپلائی کےلئے فی سلینڈر 915روپئے طئے ہے مگر 975روپئے وصول کرنے کی شکایتیں موصول ہوئی ہیں۔ ایجنسیوں سے کہا گیا تھا کہ وہ پچھلے تین ماہ کی گیس سلینڈر سپلائی کی دستاویزات اور بل اور رسید بک ساتھ میں لانے حکم دیا تھا۔
نوٹس میں دی گئی تاریخ کے مطابق 28ڈسمبر کو گیس ایجنسیوں کےمالکان تفتیش کے لئے حاضر ہوئے لیکن شکایت کے متعلق جن دستاویزات کو طلب کیاگیا تھا پیش نہیں کئے گئے۔ اس تعلق سے پتہ چلا ہے کہ ان ایجنسیوں کے خلاف کیس درج کرلیاگیا ہے بھٹکل تحصیلدار روی چندرا نے بتایا کہ جانچ جاری ہے۔