دبئی کے قریب عجمان میں منعقدہ امین سیف اللہ "بی پی ایل" کرکٹ ٹورنامنٹ میں این جی ٹی بلٹز کی شاندار کامیابی
عجمان 7/اپریل (ایس او نیوز/جیلانی محتشم) امین سیف اللہ بھٹکل پریمئر لیگ(بی پی ایل) 2019 کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں این جی ٹی بلٹز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ پیش کرتے ہوئے الکریمی چیمپئن کوشکست دے کر بی پی ایل چیمپئن شپ حاصل کرلی ہے۔
خیال رہے کہ این جی ٹی ٹیم مسلسل آٹھ سالوں سے بی پی ایل ٹورنامنٹ میں حصہ لے رہی تھی، اس بار انہیں پہلی مرتبہ ٹورنامنٹ جیت کر کپ حاصل کرنے کا شرف حاصل ہوا ہے۔
ٹاس جیت کر این جی ٹی بلٹز نے پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا جس میں الکریمی چمپئن نے مقررہ بیس اوروں میں ۹ وکٹوں کے نقصان پر ۱۷۳ رن بنائے ۔جس میں سید ناطق برماور کے ۵۵ اور عبدالقوی موٹیا کے ۲۵ رن شامل ہیں ۔این جی ٹی کی جانب سے معتصم جاکٹی نے ۲۳ رن دیکر ۳ وکٹ حاصل کئے ۔
این جی ٹی بلٹز کے بلے باز جب میدان میں اُترے تو سیمی فائنل میں دھواں دار بلے بازی کرکے شائقین کرکٹ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہامنوانے والے سلامی بلے باز رمضان بیری کو الکریمی نے کھاتہ کھولنے سے پہلے ہی پویلین بھیج دیا، دوسرے بلے باز ارقم معلم کو بھی الکریمی کے باولرں نے جلدی ہی پویلین کی راہ دکھادی، ایسے میں این جی ٹی بلٹز کی ٹیم دباو میں نظر آنے لگی، مگر اس موقع پر فیصل پٹیل نے شاندار نصف سنچری بنائی، مگر بدقسمتی سے وہ ۵۵ رن بناکر ریٹائرڈ ہارٹ ہوئے ۔ اس کے بعد کپتان معتصم جاکٹی اور عبادہ برماور نے محاذ سنبھال لیا اور بہترین بلے بازی کے جوہر دکھلاتے ہوئے ٹیم کی نیّا کو پار کرادیا اور اپنی ٹیم کو ۸ وکٹ سے جیت دلائی ۔
معتصم جاکٹی نے ۴۴ اور عبادہ برماور نے ۴۷ رن بنائے ۔ عبادہ برماور مین آف دی فائنل رہے ۔
اختتامی تقریب میں قائد قوم جناب ایس ایم سید خلیل الرحمن صاحب نے کھلاڑیوں کے پرفارمینس پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے این جی ٹی کو شاندار جیت درج کرنے پر مبارکباد پیش کی، اسی طرح انہوں نے رنرزآپ کو بھی فائنل تک پہنچنے میں کامیابی حاصل کرنے پر تمام کھلاڑیوں کے کھیل کی سراہنا کی۔ بی پی ایل چیرمین جناب ابو محمد مختصر ، بی ایم جے ڈی صدر جناب محمد اشفاق سعدا ‘مرڈیشور جماعت کے صدر جناب صابر منا ‘ بی پی ایل کے معاون اسپاونسرجناب عتیق الرحمن مُنیری سمیت خصوصی مدعوئین میں عظمت اللہ ائیکری اور ظہیر موٹیا وغیرہ نے بھی دونوں ٹیموں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر مسرت کا اظہار کیا۔
اختتامی تقریب کا آغاز عبدالمنعیم اکرمی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا تھا ۔ بی پی ایل کمیشنرشمس الدین ضیاء جوکاکو نے استقبال کیا تھا۔
مین آف دی سیریز اور بیسٹ بالر کا خطاب آلکریمی چمپئن کے ریحان ایم جے کو ملا۔ جبکہ بیسٹ بیٹسمن کا خطاب محمد شاذر کو دیا گیا ۔
جناب ارشد گنگاولی کو بھٹکل اور دبئی میں کرکٹ میں نمایاں کھیل پیش کرنے پر ایچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا ۔ بی پی ایل ٹورنامنٹ کو بہترین انداز میں منظم کرنے پر عبدالباسط صوبیدار کی بی پی ایل کمیٹی کی طرف سے تہنیت کی گئی اور اُن کے کاموں کی سراہنا کی گئی۔
اس سےقبل کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں آلکریمی چمپئن نے کے ایم وارئیر کو شکست دی تھی ۔جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں ٹریک چارجر کو این جی ٹی بلٹز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرناپڑا تھا۔
اس مرتبہ بی پی ایل ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب میں شائقین کے لئے بھی ریفل ڈراء کے ذریعے ڈھیڑ سارے انعامات تقسیم کئے گئے جبکہ تقریب کو مزید دلچسپ بنانے کے لئے بچوں اور بڑوں کے لئے کوئز مقابلے بھی رکھے گئے تھے۔ فائنل تقریب میں شائقین کی اچھی خاصی تعداد نظر آئی۔