بھٹکل:29؍ جنوری(ایس اؤ نیوز ) آسارکیری میں بھٹکل رکن اسمبلی سنیل نائک کی جانب سے آسارکیری مندر کی طرف جانے والے راستے پر تعمیر کردہ مہادوار (صدر دروازہ) کا افتتاح عمل میں آیا۔ اس موقع پر آسارکیری نامدھاری سماج کی نچل مکی شری ترومل وینکٹ رمن مندر کی تجدید کردہ مورتی کی نصب کاری سمیت پالکی مہوتسومذہبی پروگرام کا بھی انعقاد کیا گیا تھا۔ عیدگاہ کے سامنے والے روڈ سے مندر جانے کے راستے پر تعمیر کردہ مہا دوار کا افتتاح شری رام اکشھتر کے شری برہمانند سرسوتی سوامی جی نے کیا۔
اس موقع پر سوامی جی نے خطاب کرتےہوئےکہاکہ کوئی بھی سماج ہو جس کی بنیادیں مضبوط نہیں ہوتی وہ پائیدار نہیں ہوتا۔ خدمت اور قربانی دھرم کی بنیاد ہیں ۔ انہوذں نے بتایا کہ ہماری آتما کا سدھار ہمیں خود کرنا ہوگا۔ نوجوانی، امیری کوئی بھی مستقل نہیں ہے۔مزید بتایا کہ حواس خمسہ سے ملنے والا سکون، سکون نہیں ہے بلکہ مذہب ہی سکون کی اصل بنیاد ہے۔ سوشیل میڈیا پر پیغامات پوسٹ کرنے سے کام مکمل نہیں ہوتاہے بلکہ خدمت خلق سے ہی سکون ملتا ہے۔سوامی جی نے کہا کہ ہر ایک کو اپنا اپنا فرض ادا کرنا چاہئے۔
مندر انتظامیہ کے صدر کرشنا نائک آسارکیری نے سماج اور مندر کی ترقی کے متعلق اپنے خیالات کااظہارکیا۔ مغربی گھاٹ تحفظ دستہ کے صدر گوندنائک موجود تھے۔ مندر انتظامیہ کے جنرل سکریٹری ماستی جے نائک نے استقبال کیا۔ انتظامیہ کے نائب صدر بھوانی شنکر نائک نے افتتاحی کلمات پیش کئے۔ راگھویندر نائک نے شکریہ اداکیا۔ استاد نارائن نائک نے نظامت کی۔ اس کے بعد منعقدہ عام طعام میں ہزاروں لوگوں نے کھانا کھایا۔
اس موقع پر با ت کرتےہوئے رکن اسمبلی سنیل نائک نےکہاکہ بھٹکل کے آسارکیری میں دھرم اور مندر کے لئے میری طرف سے تعمیر کردہ 7واں دروازہ ہے۔ آسارکیری میں مہادوار کی تعمیر کےلئے کئی طرح کے چیلنجس تھے۔ لیکن ان سب کا سامنا کرتےہوئے متعینہ جگہ پر ہی مہادوار کی تعمیرکا میں نے وعدہ کیاتھا آج وہ وعدہ پورا ہواہے جس پر مجھے اطمینان ہے۔میرا یقین ہے کہ فرد سے زیادہ دھرم اور سماج بڑا ہوتاہے۔