جدہ میں بھٹکل کمیونٹی کی جانب سے "پیغام انسانیت اور دورِحاضر میں ہماری ذمہ داریاں" کے موضوع پر خوبصورت پروگرام
جدہ،19/فروری (ایس او نیوز) معروف عالم دین ، داعی اور کل ہند تحریک پیام انسانیت کے جنرل سکریٹری مولانا بلال حسنی ندوی کی عمرہ کے لئے مکہ مکرمہ کی آمد پر پیر 17فروری کو بھٹکل کمیونٹی جدہ کی جانب سے جدہ میں "پیغام انسانیت اور دورِحاضر میں ہماری ذمہ داریاں" کے موضوع پر ایک پروگرام منعقد کیا گیا جس میں مولانا نے اجتماعیت پر زور دیتے ہوئے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ بھٹکل والوں نے الگ الگ علاقوں میں جماعت قائم کرتے ہوئے اپنے مرکزی اداروں کے ساتھ اپنا تعلق وابستہ رکھا ہے۔ انہوں نے امت کے حال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج اُمت کو اپنے گھر کا ہوش نہیں ہے ، اپنے محلے کی خبر نہیں ہے حالانکہ اس امت کو تمام انسانوں کے لئے پیدا کیا گیا ہے مگریہ امت آج اپنی ہی ذات سے غافل ہے، اپنے گھر والوں سے غافل ہے، یہی وجہ ہے کہ آج دنیا کے لوگ نہ مسلمانوں کو سمجھنے کے لئے تیار ہیں اور نہ ہی اسلام کو سمجھ پارہے ہیں۔ مولانا نے کہا کہ آج ہمارا حال یہ ہوگیا ہے کہ جو دین دار ہیں انکی بھی زندگی میں نبی اکرم ﷺ کی زندگی کا حصہ نظر نہیں آرہا ہے۔ لوگ ہم کو دیکھنا چاہتے ہیں اور ہمیں دیکھ کر اسلام کو سمجھنا چاہتے ہیں لیکن ہم نے اسلام کو مسجدوں اور مدرسوں میں محدود کردیا ہے۔ مولانا نے کہا کہ اللہ نے اس امت کو اس لئے پیدا کیا کہ عالم میں انسانوں کی رہنمائی کا کام کریں اس سے پہلے کسی بھی امت کو یہ کا م سونپا نہیں گیا تھا۔ مولانا نے حضرت محمد ﷺ کو اور صحابہ کی زندگی کو اپنا نمونہ بنانے کی تاکید کرتے ہوئے اللہ اور اللہ کے رسول ﷺ کے بتائے ہوئے طریقوں پر چلنے کی تلقین کی۔
پروگرام کا آغاز مولوی مختار کی تلاوت کلام پاک سے ہوا، جماعت کے جنرل سکریٹری حبیب اللہ محتشم نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے پروگرام کی غرض و غایت بیان کی۔ جماعت کے صدر عبدالسلام دامدا ابو نے صدارتی خطاب کرتے ہوئے آخر میں تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔ پروگرام میں بھٹکل سمیت منکی کے ذمہ داران اور ممبران بھی موجود تھے ۔