بھٹکل انجمن صد سالہ جشن: پی یوکالج فار ویمن میں بنات انجمن اور طالبات کی مائوں کے درمیان دلچسپ مقابلے
بھٹکل:23؍ڈسمبر (ایس او نیوز) انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے صد سالہ جشن کی مناسبت سے زیرتعلیم طالبات کی ماوں اوربنات انجمن کو بھی جشن کا حصہ بناتے ہوئے مختلف مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا جس میں خواتین نے کثیر تعداد میں حصہ لیتے ہوئے انجمن کے ساتھ اپنی وابستگی اور دلی لگائو کا مظاہرہ پیش کیا۔
اس تعلق سے آج بروزاتوار کو خدیجہ سید علی کیمپس میں طالبات کی ماوں اور بنات انجمن نے سیرت کوئز، انجمن کوئز، ون منٹ گیمس، کیک ڈیکوریشن (انجمن تھیم ) ، ڈنر ٹیبل ارینجمنٹ ، ہئیر اسٹائیل سمیت کئی مقابلہ جات میں حصہ لیتے ہوئے پروگرام میں شریک شرکاء اور طالبات کو محظوظ ہونے کا بہترین موقع فراہم کیا۔ مقابلوں میں ہر عمر کی عورتوں نے حصہ لیا۔
تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے محترمہ حمیدہ باشا ہ دامودی نےنماز پر خود کی تخلیق کردہ نوائطی نظم کو پیش کیا۔ پروگرام کا آغاز مہناز اکرمی کی تلاوت قرآن سے ہوا۔ غزالہ نے ہدیہ نعت پیش کی ۔ لکچرر صاحبان نے انجمن ترانہ پیش کیا۔ محترمہ شریفہ شیخ نے استقبال کیا تو محترمہ ثناء نے مہمان اور ممتحن حضرات کا تعارف پیش کیا۔مہناز نے شکریہ اداکیا۔
ڈائس پرانجمن صد سالہ جشن کی زنانہ کمیٹی کنونیر محترمہ سیما قاسمجی ، پرنسپال ڈاکٹر فرزانہ محتشم ، نائب پرنسپال طالعہ معلم سمیت کئی لکچرر حضرات ، سرپرست سمیت کئی طالبات موجود تھیں۔