بھٹکل : ووٹر لسٹ میں نام درج کروانے کی 100 سے زائد درخواستیں مسترد؛ ذمہ داران سے مداخلت کرنے کی اپیل

Source: S.O. News Service | Published on 26th January 2022, 10:47 PM | ساحلی خبریں |

بھٹکل،26؍ جنوری (ایس او نیوز) تعلقہ انتظامیہ کی جانب سے گزشتہ مہینے ووٹر لسٹ میں نام درج کروانے کی جو مہم چلائی گئی تھی اس کے تحت ملنے والی 1176 درخواستوں میں سے 114 درخواستوں کو مختلف اسباب سے مسترد کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق درخواستوں میں دی گئی تفصیلات درست یا مکمل  نہ ہونے کی وجہ سے ووٹر لسٹ میں نام شامل کرنے کے لئے انہیں قبول نہیں کیا گیا ۔ اس کے علاوہ ووٹر لسٹ سے نام ہٹانے کی 1718 میں 18 اور نام و دیگر تفصیلات میں ترمیم کی 761 میں سے 112 درخواستیں مسترد کی گئیں ۔ رہائشی پتہ تبدیل کرنے کے 187 درخواستیں موصول ہوئی تھیں جن میں سے صرف 13 درخواستیں منظور کی گئیں ، بقیہ درخواستوں کو ناکافی تفصیلات یا پھر درج پتہ میں مطابقت نہ ہونے کی وجہ سے نامنظور کیا گیا۔ 

تعلقہ انتظامیہ کے شعبہ انتخابات سے تعلق رکھنے والے ایک اہلکار نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق ووٹر لسٹ کی تیاری اور اس میں ناموں کے اندراج کے سلسلے میں قانونی ضوابط کی سختی کے ساتھ پابندی کی جارہی ہے ۔ عمر سے متعلق دستاویز، راشن کارڈ ، آدھار کارڈ وغیرہ کی گہرائی سے جانچ کی جاتی ہے ۔ اگر کہیں کوئی فرق نظر آتا ہے تو پھر انہیں مسترد کرنا ہمارے لئے ضروری ہوجاتا ہے۔ 

دوسری طرف جن لوگوں کی درخواستیں نا منظور ہوئی ہیں ان میں سے کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ آدھار کارڈ بذات خود ایک معتبر شناختی کارڈ ہے ۔  اس کے باوجود افسران اس کارڈ کو مکمل شناختی ثبوت نہیں مان رہے ہیں ۔ اس کے علاوہ ہم نے بی ایل او کے پاس تمام دستاویزات کے ساتھ جب درخواست فارم جمع کروایا تھا اس وقت انہوں نے جانچ کی تھی ۔ اگر کہیں کوئی فرق یا مطابقت کی کمی تھی تو اسی وقت ہمیں بتانا چاہیے تھا ۔ ہم اسے درست کرکے اپنی درخواست جمع کروا سکتے تھے ۔ مگر اتنے دنوں بعد درخواست کو مسترد کر دینا غلط بات ہے۔ ایک اسپورٹس سینٹر کے ذمہ دار نے بتایا کہ ہمارے اسپورٹس سینٹر سے مکمل جانچ کے بعد دستاویزات جمع کی گئی تھی، اس کے باوجود کئی کارڈس رد کئے گئے ہیں، انہوں نے مقامی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم پر زور دیا ہے کہ وہ اس تعلق سے سرکاری حکام سے بات چیت کریں اور غیر ضروری بہانے بازی کرتے ہوئے شناختی کارڈس کو مسترد کرنے پر حکام سے جواب طلب کریں۔

ایک نظر اس پر بھی

منگلورو سائی مندر کے پاس بی جے پی کی تشہیر - بھکتوں نے جتایا اعتراض

منگلورو کے اوروا میں چیلمبی سائی مندر کے پاس رام نومی کے موقع پر جب بی جے پی والوں نے پارلیمانی انتخاب کی تشہیر شروع کی تو وہاں پر موجود سیکڑوں بھکتوں نے اس کے خلاف آواز اٹھائی جس کے بعد بی جے پی اور کانگریسی کارکنان کے علاوہ عام بھکتوں کے درمیان زبانی جھڑپ ہوئی

اُڈپی - کنداپور نیشنل ہائی وے پر حادثہ - بائک سوار ہلاک

اڈپی - کنداپور نیشنل ہائی وے پر پیش آئی  بائک اور ٹرک کی ٹکر میں  بائک سوار کی موت واقع ہوگئی ۔     مہلوک شخص کی شناخت ہیرور کے رہائشی  کرشنا گانیگا  کی حیثیت سے کی گئی ہے جو کہ اُڈپی میونسپالٹی میں الیکٹریشین کے طور پر ملازم تھا ۔