بھٹکل میں اے سی کے ذریعے دکانوں کو بند کرنے کا معاملہ؛ مرچنٹ اسوسی ایشن کی درخواست پر کاغذات دُرست کرانے تین ہفتوں کی ملی مہلت

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 19th September 2020, 12:35 AM | ساحلی خبریں |

بھٹکل 18 ستمبر (ایس او نیوز) بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر مسٹر بھرت نے  آج بھٹکل مرچنٹ اسوسی ایشن کی درخواست پر بھٹکل کے دکانداروں کو تین ہفتوں  کی مہلت دی ہے کہ وہ اس مدت میں  اپنے کاروبار کا لائسنس بنائے یا جن کے پاس لائسنس ہے وہ اپنا لائسنس رینیو کرائے۔ اگر دی گئی مہلت میں دکاندار اپنے کاغذات  کو تیار نہیں کراتے  تو پھر تعلقہ انتظامیہ اُن دکانوں کو بند کرادے گی۔

یاد رہے کہ دو روز قبل بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر نے ٹریڈ لائسنس نہ ہونے یا تین چارسالوں سے لائسنس کو رینیو نہ کرانے پر میونسپل حکام کے ساتھ کئی دکانوں پر دھاوا بولتے ہوئے بعض دکانوں کو اپنی موجودگی میں ہی بند کرا دیا تھا، بعد میں عوام  نے جب سخت مخالفت کی بالخصوص سماجی کارکن عبدالسمیع میڈیکل نے  اسسٹنٹ کمشنر سمیت میونسپل حکام کو آڑے ہاتھوں لیا تو اسسٹنٹ کمشنر چند دنوں کی مہلت دے کر میونسپل حکام کو تمام دکانوں کی چابیاں واپس لوٹانے کے احکامات دیتے ہوئے وہاں سے چلے گئے تھے۔

متعلقہ  واردات کے بعد دکانداروں نے قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم پر زور دیا تھا کہ وہ اس تعلق سے اپنے تمام کونسلروں کو  مناسب ہدایات دیں اور  متعلقہ دکانوں کو بند کرانے کی کاروائی پر مناسب اقدامات کرے۔  پتہ چلا ہے کہ اس تعلق سے تنظیم میں میٹنگ بھی منعقد کی گئی تھی۔

کیا صرف فیس  بھرنے سے لائسنس بن جائے گا ؟

اسسٹنٹ کمشنر بھرت نے  بتایا کہ بعض لوگ سمجھتے ہیں کہ صرف پیسہ یا متعلقہ فیس  بھرنے اور رسید حاصل کرنے سے لائسنس مل گیا ہے، ااے سی  نے واضح کیا کہ صرف پیسہ بھرنے سے لائسنس تیار نہیں ہوتا یا لائسنس رینیو نہیں ہوتا، بلکہ  نئے لائسنس کے لئے میونسپالٹی میں ضروری کاغذات جمع کرانا بھی ضروری ہے۔

بتایا گیا ہے کہ نئے لائسنس بنانے کے لئے  دکان کے مالک کو چاہئے کہ وہ اپنی دکان  کی  کرایہ اگریمنٹ    کاپی، آدھار کارڈ کاپی اور اپنے فوٹوز میونسپالٹی میں جمع کرائیں اور متعلقہ فیس ادا کریں، اسی طرح جن کے پاس ٹریڈ لائسنس ہے، اور انہیں رینیو کرانا ہے تو بھی اُسے چاہئے کہ وہ  ان کاغذات کو جمع کرائیں، اگر بالفرض  کرایہ پر حاصل کی ہوئی دکان کا مالک بیرون ممالک میں مقیم ہے  تو  وہ اپنا پرانا  اگریمنٹ بھی دکھا سکتا ہے یا پھر اُسے چاہئے کہ وہ  20 روپئے کے بونڈ پیپر پر تحریری طور پر درخواست دے کہ دکان کا مالک  فی الوقت انڈیا میں نہیں ہے اور میں اس دکان کا کرایہ دار ہوں، جیسے ہی وہ آئے گا اگریمنٹ کاپی  جمع کرائی جائے گی۔

متعلقہ واردات پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے  آج جمعہ شام کو  بھٹکل مرچنٹ اسوسی ایشن کے ایک وفد نے اسسٹنٹ کمشنر سے ملاقات کی اور انہیں بتایا کہ  اسسٹنٹ کمشنر کا خود کئی دکانوں میں پہنچ کر کاغذات کی جانچ کرنا اور کاغذات نہ دکھانے پر اُسی وقت  دکانوں کو بند کرانا بالکل مناسب نہیں تھا۔  انہوں نے کہا کہ  کوویڈ۔19 کے چلتے حکومت کی طرف سے کئی طرح کی چھوٹ دی گئی ہے، کم ازکم اُس کا لحاظ رکھنا چاہئے تھا، اسوسی ایشن کی طرف سے گفتگو کرتے ہوئے جناب محتشم محمد سائب منڈے نے بتایا کہ  کورونا کو لے کر پہلے ہی کاروباری حضرات پریشان ہیں، بازار میں گاہک نہیں ہیں، کورونا کی وجہ سے کئی کئی دن تک ایک پیسہ کی خریداری نہیں کررہے ہیں ایسے میں  لائسنس کی جانچ کرنا اور کاغذات نہ ہونے پر  بند کرانے سے اسوسی ایشن کو بہت تکلیف پہنچی ہے۔  انہوں نے کہا کہ کاغذات کی جانچ کی کاروائی شروع کرنے سے پہلے اگر مرچنٹ اسوسی ایشن کو اپنے اعتماد میں لیتے تو اسوسی ایشن  آپ کو ضروری تجاویز پیش کرسکتا تھا  اور ہم اپنی طرف سے بھی اپنا تعاون پیش کرسکتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریڈ لائسنس کی فیس بے حد معمولی ہوتی ہے،اور کوئی بھی دکاندار اسے بھر سکتا ہے، مگر ہم لوگ  دکانوں کے کرائے کو لے کر ہی بے حد پریشان ہیں، لاک ڈاون کی وجہ سے دکانیں بند رہیں، اب کاروبار نہیں ہے، مگر ہمیں دکانوں کا کرایہ بھرنا ہی ہے،  لوگ درخواست کررہے ہیں کہ کاروباری حالات کو دیکھتے ہوئے کرائے میں کٹوتی کی جائے، ایسے میں آپ کا  معمولی فیس نہ بھرنے پر  دکانوں کو بند کرانے کے احکامات دینا بالکل مناسب نہیں ہے۔  

بھٹکل مرچنٹ اسوسی ایشن کی تمام باتوں کو بغور سماعت کرنے کے بعد اے سی نے دکانداروں کو  لائسنس رینیو کرانے یا نیا لائسنس بنانے کے لئے تین ہفتوں کی مہلت دی اور کہا کہ 10اکتوبر سے پہلے پہلے  اپنی دکانوں کے کاغذات درست کریں۔

مرچنٹ اسوسی ایشن کی جانب سے جب کہا گیا کہ جو لوگ دی گئی مہلت میں اپنا لائسنس رینیول نہیں کراتے  یا نیا لائسنس نہیں بناتے ان پر جرمانہ عائد کیا جانا چاہئے ، اُن کی دکان بند نہیں کی جانی چاہئے تو اسسٹنٹ کمشنر نے واضح کیا کہ  جرمانہ عائد کرنے کا کوئی قانون  نہیں ہے بلکہ دکان بند کرانے کا ہی  قانون ہے۔ اس لئے دی گئی مہلت کے اندر ضروری کاغذات جمع کرانا ہی ہوگا ورنہ دکانوں کو بند کرانا پڑے گا۔

بھٹکل مرچنٹ اسوسی ایشن کی طرف سے جناب محتشم منڈے سائب  سمیت جناب صدیق اسماعیل،  منجوناتھ پربھو و دیگر موجود تھے، اسی طرح  میونسپالٹی کی طرف سے  چیف آفسر دیوراج، ہیلتھ آفسر سوجیا، میونسپل کونسلر عبدالروف نائطے اور پی ایس آئی بھرت وغیرہ موجود تھے۔

 

ایک نظر اس پر بھی

بھٹکل کا کھلاڑی ابوظبی انڈر۔16 کرکٹ ٹیم میں منتخب؛

بھٹکل کے معروف اور مایہ ناز بلے بازاور کوسموس اسپورٹس سینٹر کے سابق کپتان ارشد گنگاولی کے فرزند ارمان گنگاولی کو ابوظبی انڈر۔ 16 کرکٹ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جو جلد منعقد ہونے والے انڈر 16  ایمریٹس کرکٹ ٹورنامنٹ میں اپنے کھیل کا مظاہرہ کریں گے۔

اتر کنڑا لوک سبھا سیٹ کے لئے میدان میں ہونگے 13 امیدوار

ضلع اتر کنڑا کی لوک سبھا سیٹ کے لئے پرچہ نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ تک کسی بھی امیدوار نے اپنا پرچہ واپس نہیں لیا جس کے بعد قطعی فہرست کے مطابق جملہ 13 امیدوار مقابلے کے لئے میدان میں رہیں گے ۔  اس بات کی اطلاع  ڈسٹرکٹ الیکشن آفسر اور اُترکنڑاڈپٹی کمشنر گنگوبائی مانکر نے ...

بھٹکل سمندر میں غرق ہوکر لاپتہ ہونے والے نوجوان کی نعش برآمد؛ سینکڑوں لوگ ہوئے جنازے میں شامل

  اتوار شام کو سوڈی گیدے سمندر میں غرق ہوکر لاپتہ ہونے والے حافظ کاشف ندوی ابن اسماعیل رکن الدین کی نعش بالاخر رات کے آخری پہر قریب 4:20   کو سمندر سے برآمد کرلی گئی اور بھٹکل سرکاری اسپتال میں پوسٹ مارٹم و دیگر ضروری کاغذی کاروائیوں اور میت کی آخری رسومات وغیرہ  کے بعد صبح ...

کاروار کے قریب جوئیڈا کی کالی ندی میں غرق ہوکر ایک ہی خاندان کے چھ لوگوں کی موت؛ بچی کو بچانے کی کوشش میں دیگر لوگوں نے بھی گنوائی جان

چھوٹی بچی کوکالی ندی میں ڈوبنے سے بچانے کی کوشش میں ایک ہی خاندان کے چھ لوگ ایک کے بعد ایک غرق ہوکر جاں بحق ہوگئے، واردات کاروار سے قریب  80 کلو میٹر دور جوئیڈا  تعلقہ کے اکوڈا نامی دیہات میں اتوار شام کو پیش آئی۔

اتر کنڑا میں 3 مہینوں میں ہوا 13 ہزار ووٹرس کا اضافہ 

اتر کنڑا لوک سبھا حلقے میں الیکشن کے لئے ابھی بس چند دن رہ گئے ہیں اور اس انتخاب میں حق رائے دہی استعمال کرنے والوں کی قطعی فہرست تیار کر لی گئی ہے ، جس کے مطابق اس وقت اس حلقے میں 16.41 لاکھ ووٹرس موجود ہیں ۔