جماعت المسلمین مخدوم کالونی کے صدر کے طور پرمولانا شجاع الدین ندوی اور جنرل سکریٹری کے طور پر مولانا سید عبداللہ کریکال ندوی کا انتخاب
بھٹکل26 نومبر (ایس او نیوز) جماعت المسلمین مخدوم کالونی کے صدر کے طور پر مولانا شجاع الدین رکن الدین ندوی اور جنرل سکریٹری کے طور پر مولانا سید عبداللہ کریکال ندوی کا انتخاب عمل میں آیا جبکہ دیگر عہدوں پر مولانا محمد شعیب جوکاکو ندوی کو نائب صدر، جناب سمیع اللہ اِٹّل کو سکریٹری، مولانا محمد مُسیب محتشم ندوی کو محاسب، اور جناب اقبال سعیدی کو خازن کے طور پر منتخب کیا گیا۔ تمام تقرریاں اتفاق رائے و کثرت آراءکے تحت انجام پائیں۔ان باتوں کی جانکاری جماعت کے دفتر سے جاری کردہ پریس ریلیز میں دی گئی ہے۔
ریلیز کے مطابق،اگلی سہ سالہ میعاد کے لیے عام انتخابات 15 نومبر کو الیکشن کمشنر مولانا سید عبداللہ کریکال ندوی اور ان کے معاونین مولانا محمد مسیب محتشم ندوی اور جناب مبشر حسین ہلارے کی زیر نگرانی ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے منعقد ہوئے۔ اس عمل میں پہلے مقامی 28 اراکین کا انتخاب ہوا، جس کے بعد 18 نومبر کو منعقدہ نشست میں بیرون بھٹکل کے 25 اراکین منتخب کیے گئے۔ 25 نومبر کو عہدیداران کا حتمی انتخاب عمل میں آیا۔
ریلیز کے مطابق جماعت المسلمین مخدوم کالونی پورے مخدوم کالونی کے باشندگان کا ایک متحدہ پلیٹ فارم ہے، جہاں دینی، تعلیمی، سماجی اور اصلاحی امور پر تبادلہ خیال ہوتا ہے۔ اور جماعت فلاح و بہبود کے منصوبوں اور معاشرتی اصلاح کے کاموں میں بھرپور کردار ادا کرتی ہے۔