کورونا لاک ڈاون سے ہوئے عوامی پریشانیوں کو دیکھتے ہوئے بھٹکل جماعت المسلمین نے کیا دکان، مکان، دفاتر وغیرہ کا دو ماہ کا کرایہ معاف
بھٹکل 25/جون (ایس او نیوز) کورونا لاک ڈاون سے ہوئے عوامی پریشانیوں کو دیکھتے ہوئے بھٹکل جماعت المسلمین نے اپنی ملکیت والے دکانوں، مکانوں اور دفاتر وغیرہ کا دو ماہ کا کرایہ معاف کرنے کا اعلان کیا ہے۔
جماعت المسلمین بھٹکل کے جنرل سکریٹری مولوی طلحہٰ رکن الدین ندوی نے ساحل آن لائن کو بتایا کہ آج جماعت المسلمین کی میٹنگ میں اس بات پر گفتگو ہوئی کہ کورونا وباء پر قابو پانے ملک بھر میں لگائے گئے لاک ڈاون سے عوام الناس کوبہت زیادہ پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے جسے دیکھتے ہوئے میٹنگ میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ جماعت کے کامپلیکس سمیت دیگر دکانوں اور مکانوں کے کرایہ داروں کو اپریل اور مئی دو ماہ کا کرایہ معاف کیاجائے اور انہیں ایک حد تک راحت فراہم کی جائے۔
جماعت المسلمین کے صدر جناب جان عبدالرحمن محتشم کی صدارت میں منعقدہ آج کی انتظامیہ میٹنگ میں 50 سے زائد اراکین نے حصہ لیا اور لاک ڈاون میں عوام الناس کی اس بات پر ستائش کی گئی کہ شہر کے عوام نے قاضی صاحبان سمیت تنظیم اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری ہدایات پر مکمل طور پر عمل کیا اور یہی نتیجہ ہے کہ بھٹکل میں کورونا وباء پر قابو پانے میں کامیابی حاصل ہوئی۔ میٹنگ میں مزید اس بات پر زور دیا گیا کہ عوام کو آئندہ بھی اس تعلق سے قاضی صاحبان کی ہدایات پر عمل کرنے کی ضرورت ہے اور قانون کی پاسداری کا خیال رکھنے کی ضرورت ہے۔