بھٹکل کے شرالی میں ہوئی ایک اسکول ٹیچر کی مشتبہ موت کی جانچ کا مطالبہ؛ جے ڈی ایس نے نائب وزیراعلیٰ کو دیا میمورنڈم
بھٹکل :11/ اگست (ایس اؤ نیوز) شرالی کے چتراپور میں 40/45 روز قبل شوبھا نامی ایک اسکول ٹیچر کی موت واقع ہوئی تھی، جس کو لے کر کہا جارہا تھا کہ اس نے ٹرین کے سامنے آکر خودکشی کی ہے، مگر جنتا دل سکیولر کے جنرل سکریٹری ایم ڈی نائک نے نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر جی پرمیشور کو میمورنڈم سونپتے ہوئے کہا ہے کہ یہ خودکشی کا معاملہ نہیں بلکہ اس کا قتل ہوا ہے۔ ایم ڈی نائک نے ڈاکٹر پرمیشور کو بتایا کہ مہلوکہ شوبھا کے متعلق عوام میں اچھی رائے ہے، وہ بہترین اخلاق اور کردار والی عورت تھی اور ایک شریف خاندان سے تعلق رکھتی تھی ان سب کو دیکھتے ہوئے سمجھا جارہا ہے کہ اس کا منصوبہ بند طریقے پر قتل کیا گیا ہے۔
ایم ڈی نائک نے بتایا کہ مہلوکہ شوبھا کے والد نے بھی پولس تھانہ میں شکایت درج کرتے ہوئے کہاہے کہ اُن کی بیٹی کو شرپسندوں نے مارڈالا ہے۔
ایم ڈی نائک نے مطالبہ کیا کہ شوبھا کی موت مکمل جانچ کی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ ابھی تک پولس نے اس کی موت کے تعلق سے کوئی کارروائی نہیں کی ہے۔ ایم ڈی نائک کے مطابق بھٹکل میں اس سے پہلے بھی ایسا ہی ایک واقعہ پیش آچکا ہے مگر وہ معاملہ اب تھنڈے بستے میں چلا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر شوبھا کا معاملہ بھی یوں ہی چھوڑ دیا جائے گا تو ملزموں کو ایسے مزید کرتوت کرنے کا موقع ملے گا اور ایسے لوگوں کو سزا نہ دینا گویا اُن قاتلوں کے ساتھ تعاون کرنےکے مترادف ہوگا۔