بھٹکل میں انڈین نوائط فورم کا کامیاب روزگار میلہ؛ مختلف کمپنیوں کے نمائندوں کی شرکت؛ سو سے زائد لوگوں کو ملی ملازمت؛ ڈپٹی کمشنر کی سراہنا

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 27th April 2019, 10:30 PM | ساحلی خبریں |

بھٹکل 27/اپریل (ایس او نیوز) انڈین نوائط فورم کے زیراہتمام آج سنیچر کو بھٹکل میں منعقدہ اپنی نوعیت کا پہلا روزگار میلہ  نہایت کامیابی کے ساتھ   اختتام کو پہنچا جس میں ملک کے مختلف شہروں سے  تشریف فرما مختلف کمپنیوں کے نمائندوں نے سو سے زائد لوگوں کو  ملازمت کے لئے  منتخب کیا، جبکہ مزید سو سے زائد لوگوں کو  شارٹ لسٹ کیا گیا، جن میں سے اکثر لوگوں کو عنقریب  کمپنیوں سے راست انٹرویو کے لئے کال کئے جانے کی توقع ہے۔

روزگار میلہ کے ساتھ ساتھ  کم لاگت پر انویسٹمنٹ پلان کے تحت شجرکاری اور ذراعت  کے متعلق  معلومات فراہم کی گئی،  جس کے لئے آٹھ لوگوں نے  دلچسپی دکھائی، اسی طرح  مینگلور شہر کے بیچوں بیچ ہمپن کٹہ  میں محتشم بلڈرس کی نئی اور عالیشان عمارت میں نیا بزنس  شروع کرنے  بغیر کرایہ کے 52 دکانیں فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا۔اسی طرح مینگلور میں  مختلف کاروباری   مواقع   مثلاً دکانیں،  چھوٹے پیمانے کی صنعت،  انڈسٹریس، ڈسٹری بیوشن، ایجنسیس سمیت کافی  معلومات فراہم کی گئی۔  اس تعلق سے 102 لوگوں نے دلچسپی دکھاتے ہوئے اپنے نام لکھوائے  ہیں۔

ضلع اُترکنڑا کے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ہریش کمار نے پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے  انڈین نوائط فورم کی طرف سے  بے روزگاری کو دور کرنے اور بالخصوص گلف سے واپس آنے والوں کو  اپنی جانب سے  نیا کاروبار شروع کرنے کی ترغیب دینے  سمیت اُن کی مکمل رہنمائی اور تعاون فراہم کرنے پر ستائش کی اور وعدہ کیا کہ اس تعلق سے  حکومت کی جانب سے بھی ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ پروگرام میں شریک اُترکنڑا کے  محکمہ انڈسٹریز کے  ڈپٹی ڈائرکٹر دھننجئے جین نے بھی  چھوٹے پیمانے کی صنعت  و دیگر کاروبار کے لئے  حکومت کی طرف سے آنے والی اسکیموں کے تحت  اپنی جانب سے تعاون دینے کا تیقن دیا ۔

پروگرام کا آغاز اصغر ابن  مولوی اُسامہ صدیقی کی تلاوت کلام پاک مع ترجمہ سے ہوا۔ نوائط فورم کے جنرل سکریٹری معاذ جوکاکو نے استقبال کیا،  روزگارمیلہ کے  کنوینر افتاب حُسین کولا نے  روزگار میلہ کے تعلق سے  معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے بتایا کہ  مختلف کالجس اور یونیورسٹیوں میں  ہونہار اور قابل  طلبا کو  مختلف کمپنیاں  انٹرویو کے ذریعے منتخب کرنا عام بات ہے، لیکن نوائط فورم کی جانب سے  آج جو روزگار میلہ منعقد کیا گیا ہے یہ اپنی نوعیت کا پہلا روزگار میلہ ہے جہاں عام لوگوں   اور کم پڑھے لکھے لوگوں کے لئے  بھی  ملازمت کے مواقع فراہم کئے گئے ہیں اور نوائط فورم کا روزگار میلا ہر سماج اور طبقہ کے لوگو ں کے لئے کھلا رکھا گیا ہے۔

 نوائط فورم کے نائب صدر اور روزگار میلہ کے چیرمین ایس ایم ارشد نے بزنس اینڈ ایویسٹمنٹ  کے مختلف مواقعوں  کی جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ مینگلور ایک ایسا شہر ہے جہاں  نہ صرف ائرپورٹ اور ریلوے کا بہترین نظام ہے بلکہ  مینگلور میں بندرگاہ بھی ہونے کی وجہ سے  یہاں سے  مال ایمپورٹ اور ایکسپورٹ کرنے کے بھی بہترین مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ اب نیشنل ہائی وے کا کام بھی تیز رفتاری کے ساتھ جاری ہے، بھٹکل سے مینگلور کا سفر دو گھنٹوں میں طئے کیا جاسکتا  ہے، ایسے میں انہوں نے  کاروبار کرنے کے خواہش مند حضرات کو مشورہ دیا کہ وہ مینگلور میں آکر  کاروبار شروع کریں  جن کے لئے مینگلور جماعت کی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے مینگلور شہر کے قلب میں واقع  محتشم بلڈرس کی نئی اور شاندار عمارت میں  ایک سال کے لئے 52 دکانوں کو بغیر کرایہ کے  فراہم کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ  الگ الگ طرح کا کاروبار یہاں کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کاروبار کو مضبوط اور مستحکم کرنے  کے تعلق سے بھی مینگلو رجماعت کی جانب سے ہرممکن تعاون فراہم کرنے کا یقین دلایا۔

انڈین نوائط فورم کے صدر جناب عبدالمجید جوکاکو نے صدارت کی، رکن انتظامیہ عادل ناگرمٹ نے شکریہ ادا کیا، ایس پی نعمان نے  نظامت کی۔ اس موقع پر  قاضی صاحبان مولانا  خواجہ اکرمی مدنی اور مولانا عبدالعظیم قاضیا ندوی  سمیت  بھٹکل کے اسسٹنٹ کمشنر  ساجد مُلا و دیگر  عہدیداران موجود تھے۔

روزگار میلہ میں شریک کمپنیاں:   آج کے روزگار میلہ میں  جن کمپنیوں کے  نمائندوں نے شرکت کی، اُن کے نام اس طرح ہیں:  لائف اسٹائل گروپ، سپار سوپر مارکٹ، نیلگریس، محتشم، کوسکی، سوپر باول،  چائے پوائنٹ،  گرینڈ موڈرن سوپر مارکٹ، کیفے امین،  ایم اے رشید،  ہوریزن سینیٹری،  مارکٹ 99،  شاپ اِن،  شابندری،  ایم اے بی اینڈ سنس، بدر لنگیس،  ایم ٹو ایچ انفوٹیک،  ایچ آر کیٹلائزر،  آئی این ایس ۔ ایچ آر کنسلٹنسی۔  معراج  ٹراویلس۔ اسی طرح  عائشہ اسپتال، یونیٹی اسپتال، انڈیانا اسپتال،کیننچور اسپتال،  چیڈو میڈیکل کے نمائندے بھی موجود تھے۔

کون کونسے مواقع دستیاب تھے:   ریٹیل   دکانوں کے لئے اسٹور مینجر، فلور مینجر، سیلس مین، سیلس ایکزی کوٹیو، کیشئر، ہیڈ کیشئر، ریسپشنسٹ، آفس ایڈمنسٹریش، انڈین کوک، کچن سوپروائزر، اکاونٹنٹ، پرائیویٹ نرس، شاپ سوپر وائزرس، وارڈ بوائی، سنئیر آفس مینجر، ہاسٹل وارڈن،  اسٹور ایڈمین مینجر کے ساتھ ساتھ آئی ٹی سیکٹر میں ٹیلی کالر، سافٹ وئیر انجینر انٹرنس، سسٹم ایڈمین (آئی  ٹی)، ایس ای او انالیس، جاوا ڈیولوپر، انڈریوڈ ڈیولوپر،  پی ایچ پی ڈیولوپر، کنٹنٹ رائٹر وغیرہ جیسی ملازمتیں دستیاب تھیں۔

ملازمت نہ ملنے والوں کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں:   آج ہوئے روزگار میلہ کے لئے قریب 500 لوگوں نے اپنے نام درج کروائے تھے، جن میں سو سے زائد لوگوں  کو مختلف  شعبوں کے لئے منتخب کرلیا گیا، آج کے میلہ کی خاص بات یہ رہی کہ ایک گونگے شخص کو بھی ملازمت حاصل کرنے میں کامیابی ملی، جبکہ بعض خواتین کو بھی   منتخب کرلیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ اعلیٰ عہدوں  کی پوسٹنگ  کے لئے مختلف کمپنیوں کے نمائندوں نے  قریب سو لوگوں کو  شارٹ لسٹ کیا ہے ، جنہیں متعلقہ کمپنی کے اعلیٰ حکام  فون کرکے انٹرویو کے لئے مدعو کرسکتے ہیں۔ مگر جن لوگوں کو ملازمت نہیں ملی،  اُن کے لئے انڈین نوائط فورم کے ذمہ داران نے  بھروسہ دلایا ہے کہ اُنہیں بھی  مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ ساحل آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے فورم کے ایک ذمہ دار  غفران لنکا نے  بتایا کہ  ہمارے پاس تمام لوگوں کا بائیوڈاٹا موجود ہے لہٰذا  ہم اُن کے رابطے میں رہیں گے اور  اُن کے لئے  بہتر ملازمت  دلانے  ہرممکن  کوشش  کریں  گے۔

یہ پہلا تجربہ تھا، آئندہ مزید بہتر طریقہ پر کام کریں گے:  ساحل آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے انڈین نوائط فورم کے جنرل سکریٹری جناب معاذ جوکاکو  نے بتایا کہ  فورم   کی جانب سے یہ پہلا پروگرام تھا جس میں ہم نے  اپنی  جانب سے  بے روزگار لوگوں کو روزگار فراہم کرنے ہرممکن کوشش کی  ہے، آئندہ ہم  اسی طرح کا پروگرام تمام جماعتوں کے تعاون سے مزید بہتر طریقہ پر  منعقد کریں گے۔ بھٹکل میں ہمیں  مجلس اصلاح و تنظیم کے ساتھ ساتھ بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن ، انجمن  ، اور انجمن کے طلبا  سمیت کافی لوگوں اور ذمہ داروں نے بھی ساتھ دیا۔ انہوں نے سبھوں کا شکریہ ادا کیا۔

ایک نظر اس پر بھی

اُڈپی - کنداپور نیشنل ہائی وے پر حادثہ - بائک سوار ہلاک

اڈپی - کنداپور نیشنل ہائی وے پر پیش آئی  بائک اور ٹرک کی ٹکر میں  بائک سوار کی موت واقع ہوگئی ۔     مہلوک شخص کی شناخت ہیرور کے رہائشی  کرشنا گانیگا  کی حیثیت سے کی گئی ہے جو کہ اُڈپی میونسپالٹی میں الیکٹریشین کے طور پر ملازم تھا ۔

بھٹکل، ہوناور، کمٹہ میں سنیچر کے دن بجلی منقطع رہے گی

ہیسکام کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ہوناور، مرڈیشور اور کمٹہ سب اسٹیشنس کے علاوہ مرڈیشور- ہوناور اور کمٹہ - سرسی 110 کے وی لائن میں میں مرمت ، دیکھ بھال،جمپس کو تبدیل کرنے کا کام رہنے کی وجہ سے مورخہ 20 اپریل بروز سنیچر صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک بھٹکل، ہوناور اور کمٹہ تعلقہ ...

اڈپی - چکمگلورو حلقے میں عمر رسیدہ افراد، معذورین نے اپنے گھر سے کی ووٹنگ

جسمانی طور پر معذوری اور عمر رسیدگی کی وجہ سے پولنگ اسٹیشن تک جا کر ووٹ ڈالنا ممکن نہ ہونے کی وجہ سے 1,407 معذورین اور 85 سال سے زیادہ عمر کے 4,512 افراد نے   کرنے کے بجائے اپنے گھر سے ہی ووٹنگ کی سہولت کا فائدہ اٹھایا ۔ 

بھٹکل میں کوآپریٹیو سوسائٹی سمیت دو مقامات پر چوری کی واردات

شہر کے رنگین کٹّے علاقے میں واقع ونائیک کو آپریٹیو سوسائٹی کے علاوہ دیہی پولیس تھانے کے حدود میں ایک دکان اور مرڈیشور بستی مکّی کے ایک سروس اسٹیشن میں سلسلہ وار چوری کی وارداتیں انجام دیتے ہوئے لاکھوں روپے نقدی لوٹی گئی ہے ۔