بھٹکل:26؍ستمبر(ایس اؤ نیوز) گیس ٹینکر کو بھٹکل نیشنل ہائی وے پر روک کر ٹینکر ڈرائیور نے زہر پی کر خود کشی کرلی۔ یہ واردات جمعرات کی شام حنیف آباد کراس کے قریب نیشنل ہائی وے پر پیش آئی۔
مہلوک کی شناخت بھٹکل ہیبلے گرام پنچایت حدود کے تینگنگنڈی کے مکین کریپا نائک (30) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ مہلوک کے پسماندگان میں بیوی اور دو بچے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ کریپا نائک گیس ٹینکر کو مینگلور سے ہبلی اور دیگر مقامات پر لے جانے کے دوران بھٹکل سے گذرنے کے موقع پر حنیف آباد کراس کے قریب نیشنل ہائی وے کنارے ٹینکر کو پارک کرکے اپنے گھر پہنچ کر کھانا وغیرہ کھاتا تھا اور پھر واپس سفر پر روانہ ہوجاتا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ آج بھی کریپا نائک مینگلور جانے کے دوران جب بھٹکل پہنچا تو متعلقہ مقام پر ٹینکر کو پارک کیا، مگر اس بات کا پتہ نہیں چل پایا کہ آخر اُس نے اچانک زہر کیوں پی لیا ۔
پوسٹ مارٹم کے لئے نعش کو سرکاری اسپتال لے جایا گیا ہے۔ اور جائے وقوع پر پہنچ کر جانچ کرنے کے دوران پولس کو ٹینکر میں زہر کی دو خالی بوتلیں ملی ہیں جس کو ضبط کرلیا گیا ہے۔ ایس آئی روی کی نگرانی میں جانچ جاری ہے۔