بھٹکل سرکاری فرسٹ گریڈ ڈگری کالج میں طلبا کے لئے مفت صحت جانچ کیمپ کا انعقاد؛ کالج لائبریری کا بھی افتتاح
بھٹکل:23؍فروری (ایس او نیوز)طلبا کی زندگی میں خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے لئے مسلسل محنت ، لگن کا اہم رول ہے۔ حوصلہ و ہمت سے اپنی منزل کو پانا آسان ہونے کا رکن اسمبلی سنیل نایک نےخیال ظاہرکیا۔
وہ یہاں بھٹکل سرکاری فرسٹ گریڈ ڈگری کالج ہال میں سرکاری فرسٹ گریڈ کالج بھٹکل ، یوتھ ریڈکراس شعبہ، آدرش اسپتال اُڈپی اور تعلقہ ورکنگ جرنالسٹ اسوسی ایشن کے اشترک سے منعقدہ سرکاری طلبا کے لئے منعقدہ مفت صحت جانچ کیمپ کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر رکن اسمبلی نے طلبا سے کہاکہ پڑھائی کے لئے صحت مند ہونا بھی لازمی ہے، اس تعلق سے وہ فکر مند رہیں، طلبا صحت مند رہیں گے تو سستی ، کاہلی سے بچ سکتے ہیں۔ اگر آپ سمجھتے ہیں کہ موجودہ دنیا صرف مال و دولت سے چل رہی ہے تو آپ بہت بڑی غلط فہمی میں ہیں جب کہ سچائی یہ ہےکہ علم ہے تو ساری دنیا پر حکومت کرسکتےہیں۔ طلبا میں تعلیم سے زیادہ اخلاق اہم ہوتے ہیں اس طرف بھی خاص توجہ دینےکی بات کہی۔ اس موقع پر کالج ترقی بورڈ ممبر ایم آرنائک اور تعلقہ صحت عامہ کے معاون افسر ایریا دیواڑیگانے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ آدرش اسپتال کے ماہر ڈاکٹر ایم ایس اُڈال نے طلبا کی زندگی اور صحت مندی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
کالج کے پرنسپال ڈاکٹر دستگیر صاحب ہلیال نے صدارت کی۔ اس موقع پر شیوانی شانتارام، ضلع ورکنگ جرنالسٹ اسوسی ایشن کے صدر رادھا کرشنا بھٹ،تعلقہ صدر بھاسکر نائک وغیرہ موجود تھے۔ پروگرام کے بعد آدرش اسپتال کے ماہر ڈاکٹروں نے کالج میں طلبا و طالبات کی صحت کی جانچ کی اور اُنہیں مفید مشوروں سے نوازا ۔
رکن اسمبلی سنیل نایک کی آمد کو دیکھتےہوے سرکاری کالج میں لائبریری کا بھی افتتاح کیا گیا۔ اُڈپی ادرش اسپتال کے ڈاکٹر ایم ایس اُڈال نے ربن کاٹا، جس کے بعد رکن اسمبلی سمیت دیگر مہمانان نے لائبریری کمرے میں داخل ہوتے ہوے کتابوں کا جایزہ لیا۔