بھٹکل کے فردوس نگر میں سڑکوں پر تارکول بچھانے کا مطالبہ :عوام کی جانب سے رکن اسمبلی کو میمورنڈم
بھٹکل:04؍نومبر(ایس اؤ نیوز)بھٹکل تعلقہ ہیبلے گرام پنچایت حدود کے فردوس نگر کے عوام نے رکن اسمبلی سنیل نائک سے ملاقات کرتےہوئے علاقے کی سڑکوں پر تارکول بچھانے کا مطالبہ لے کر میمورنڈم سونپا۔
فردوس نگر کے ذمہ داروں نے رکن اسمبلی کو سونپے میمورنڈم میں مطالبہ کیا ہےکہ فردوس نگر میں پچھلے 50برسوں سے کسی بھی سڑک پر تارکول نہیں بچھائی گئی ، ہمیں صرف منظوری کے نام پر دھوکہ دیاجارہاہے۔ دیگر علاقوں میں تعلقہ پنچایت اور ضلع پنچایت کی جانب سے سڑکوں کا کام ہواہے، مگر ہمارے علاقے کی طرف سے ابھی تک کسی نے توجہ نہیں دی ہے۔ حلقہ کے رکن اسمبلی کی حیثیت سے فردوس نگر کے علاقوں کی سڑکوں پر تارکول بچھانے کے ساتھ ساتھ اندرونی نالیوں کے کام کے لئے بھی امداد منظور کرنے کی بات کہی گئی ہے۔میمورنڈم وصول کرنےکے بعد رکن اسمبلی نے تیقن دیا کہ متعلقہ محکمہ کے افسران سے اس سلسلے میں گفتگو کرتےہوئے جلدی کام کو انجام دیاجائےگا۔ اس موقع پر پنچایت ممبر سید علی، جعفری بنگالی، محمد میراں کورسے، سلیمان کورسے، مولانا اقبال بنگالی سمیت کئی لوگ موجود تھے۔