بھٹکل : طویل مدت سے کرایہ باقی رکھنے والے دکانداروں کو ٹی ایم سی کی فائنل نوٹس
بھٹکل،20 / جنوری (ایس او نیوز) ٹاون میونسپل کاونسل کی ملکیت والی دکانیں کرایہ پر لینے والے جن دکانداروں نے پچھلے طویل عرصہ سے اپنا کرایہ ادا نہیں کیا ہے ان کے نام ٹی ایم سی کی طرف سے آخری نوٹس جاری کرتے ہوئے کرایہ ادا نہ کرنے کی صورت میں دکانیں بند کرنے کی وارننگ دی گئی ہے۔
ٹی ایم سی چیف آفیسر کے ذریعہ جاری کردہ اخباری بیان میں کہا گیا ہے کہ میونسپالٹی کی دکانوں کے بہت سے کرایہ داروں مہینوں / برسوں سے کرایہ ادا نہیں کیا ہے ۔ انہیں کئی بار نوٹس جاری کیے گئے مگر اس کا کوئی اثر نہیں ہوا ہے ، اور وہ لوگ کرایہ ادا کیے بغیر ہی دکانیں چلا رہے ہیں ۔ اس لئے اخباری بیان کی اشاعت کے ذریعہ ایسے کرایہ باقی رکھنے والے کرایہ داروں کو مطلع کیا جاتا ہے کہ وہ اس اشاعت کے 3 دن کے اندر خود دفتر بلدیہ پہنچ کر اپنا کرایہ بے باق کریں ورنہ ایسے کرایہ داروں کے نام عام لوگوں کی جانکاری کے لئے شائع کیے جائیں گے اور کسی بھی پیشگی اطلاع کے بغیر دکانیں بند کردی جائیں گی۔
چیف آفیسر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ کوتاہی کرنے والے دکاندار، ٹی ایم سی کی اس اشاعت کو فائنل نوٹس اور وارننگ تصور کریں۔