بھٹکل : ضلع انچارج وزیرکا بارش اور سیلاب سے تباہ حال علاقوں کا دورہ؛ شرابی ندی کی صفائی کے لئے 15 کروڑکی رقم جاری کرنے کا مطالبہ

Source: S.O. News Service | Published on 4th August 2022, 11:19 PM | ساحلی خبریں |

بھٹکل،4؍اگست (ایس او نیوز) اُترکنڑا ضلع انچارج وزیر کوٹا سرینواس پجاری نے 7 گرام پنچایت حدود میں بارش اور سیلاب سے تباہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرین سے ان کا حال احوال سننے کے دوران بتایا کہ فوری طور پر کھانے پینے کی چیزوں کی قلت کا شکار متاثرین کے لئے اشیائے خوردنی کے کٹس تقسیم کرنے کا انتظام کیا جائے۔
    
متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد افسران اور منتخب عوامی نمائندوں سے صورت حال پر بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غریب عوام کو مناسب معاوضہ فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ اس لئے نوڈل افسران ، پنچایت ڈیولپمنٹ افسران اور مقامی عوامی نمائندوں کو اس بات کی کوشش کرنی چاہیے کہ عوام کو کسی قسم کی تکلیف نہ ہونے پائے۔

ابتدا میں اسسٹنٹ کمشنر ممتا دیوی نے جانکاری دیتےہوئے بتایا کہ تعلقہ میں قریب 2175 گھروں میں پانی گھس گیا ہے، 10گھر مکمل طورپر تباہ ہوگئے ہیں، 50 گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔ 170 مرغیاں ہلاک ہوئی ہیں،  20.79 ہیکٹر زرعی زمین کو نقصان  پہنچا ہے اور1.5ہیکٹر باغات برباد ہوئےہیں۔ ان کی طرف سے رپورٹ پیش کرنے کے بعد شرالی، بینگرے، ہیبلے ، ماوین کوروے ، ماروکیری ، منڈلی اور کائی کنی گرام پنچایتوں کے پی ڈی اؤزنے اپنے اپنے علاقہ میں ہوئے  نقصانات کی رپورٹ پیش کی۔ محکمہ ماہی گیری کے نائب ڈائرکٹر چیتن نے بتایا کہ  منڈلی ،تنگنگنڈی اور ہیبلے کے علاقوں میں 130کشتیاں مکمل طورپر تباہ ہو گئی ہیں اور 70کشتیوں کو نقصان پہنچا ہے۔ گل نٹ اور چھوٹی کشتیوں کے 208 مچھلی شکار کے جال سمندر میں بہہ گئے ہیں۔ لاپتہ ہوئی کشتیوں کی تلاش جاری ہے۔

جالی پٹن پنچایت میں ہوئے نقصانات کے تعلق سے کونسلرس عمران لنکا، مصباح الحق شیخ اور مُںیر صاحب نے تفصیلات بیان کیں اور آزاد نگرسمیت ہندو کالونی، گُدلک روڈ وغیرہ میں ہوئے نقصانات کا تذکرہ کیا۔ بھٹکل میونسپالٹی میں ہوئے نقصانات کا تذکرہ کرتے ہوئے میونسپل کونسلرمحی الدین الطاف کھروری نے بتایا کہ چوتنی ندی سے ڈارنٹا علاقہ سے گٓذرنے والی شرابی ندی میں مٹی بھرجانے کی وجہ سے بارش کا پانی ندی سے اُبل کر رہائشی علاقوں میں گھس گیا، اگر ندی پہلے جیسی گہری ہوتی تو اتنا زیادہ نقصان نہ ہوتا، انہوں نے انچارج وزیر کی توجہ اس جانب مبذول کرائی کہ پہلی فرصت میں شرابی ندی سے مٹی نکالنے کا کام کیاجانا چاہئے اور اس کی صفائی کے لئے بڑی رقم جاری کی جانی چاہئے، اس موقع پر رکن اسمبلی سنیل نائک نے جب بتایا کہ شرابی ندی کے لئے ایک کروڑ روپئے منظور کئے گئے ہیں تو عنایت اللہ شاہ بندری نے کہا کہ ایک کروڑ سے کچھ ہونے والا نہیں ہے، ندی کی صفائی کے لئے کم ازکم 15 سے 20 کروڑ کی رقم درکار ہے۔

الطاف کھروری نے میونسپل حدود میں واقع ماری کٹہ، مین روڈ کی دکانوں پر پانی بھرنے سے ہوئے نقصانات کا بھی تذکرہ کیااور یہ بھی بتایا کہ کئی گھروں کے اندر پانی گھس جانے سے فریج، واشنگ مشین، انورٹر سمیت کئی دیگر الیکٹرانک چیزیں برباد ہوگئی ہیں اورصرف میونسپل حدود میں ہی 40 سے 50 کروڑ کا نقصان ہوا ہے۔کونسلر عبدالروف نائطے نے عثمان نگر اور بابو نے چوتنی میں ہوئے نقصانات کے تعلق سے وزیر موصوف کی توجہ مبذول کرائی۔

اس موقع پر راجیش نایک، وینکٹیش نائک اور عنایت اللہ شاہ بندری نے سیلاب کے متعلق اپنے تاثرات کا اظہار کرتےہوئے بتایا کہ موصوف وزیر، وزیر اعلیٰ بسوراج بومائی کو بھٹکل میں سیلاب سےہونے والے نقصانا ت کی حقیقت کو واضح کرتےہوئے بھٹکل کی ہمہ جہت ترقی کے لئے خصوصی پیکیج کا اعلان کرے۔

میٹنگ میں بھٹکل کے رکن اسمبلی سنیل نائک، مغربی گھاٹ دستہ بورڈ کے صدر گووند نائک، بھٹکل بلدیہ صدر پرویز قاسمجی، ڈی سی ملئی مہیلن ، تحصیلدارڈاکٹر سمنت بی اور محکمہ جات کے افسران سمیت مجلس اصلاح وتنظیم کے صدر ایس ایم سید پرویز وغیرہ موجود تھے۔  

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ انچارج وزیر کوٹا سری نواس پجاری نے آفسران بالخصوص ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر کو ہدایت دی کہ وہ  کھانے پینے کی چیزوں ، الیکٹرک ساز و سامان اور موٹر گاڑیوں وغیرہ کا جو نقصان ہوا ہے اس کی تمام تفصیلات جمع کرے تباہ ہوئی سڑکوں کی مرمت کے تعلق سے رپورٹ تیار کرے ۔ سڑکوں پر اور نالوں میں جمع کوڑا کرکٹ اور مٹی پتھر وغیرہ فوراً ہٹانے کا کام کرے۔ اگر متاثرین کو معاوضہ تقسیم کرنے میں کوئی دقت ہو تو مجھ سے رابطہ قائم کرے۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ اگر متاثرین کو تھوڑی بہت زائد رقم معاوضہ کے طور پر ملتی ہے تو اس سے سرکار کا نقصان ہونے والا نہیں ہے ، لیکن سرکاری فنڈ کا غلط استعمال نہ ہونے دینا بھی افسران کی ذمہ داری ہے انہوں نے پنچایت افسران سمیت بلاک ایجوکیشن آفسر سے کہا کہ اسکولوں اور آنگن واڈی مراکز میں ہوئے نقصان کی معلومات اعلیٰ افسران کو دی جائیں اور جلد از جلد وہاں ریلیف کا کام کیا جائے۔ 
    
میٹنگ میں عوامی نمائندوں اور سماجی لیڈروں نے شرابی ندی کی صفائی کے ساتھ ساتھ نالوں اور راستوں کی صفائی پر بھی توجہ دینے کی بات کی اور نیشنل ہائی وے ٹھیکیدار کمپنی آئی آر بی کے خلاف کارروائی جیسے مسائل کو وزیر موصوف کے سامنے اجاگر کرتے ہوئے انہیں حل کرکے عوام کو راحت دلانے کی گزارش کی۔

ایک نظر اس پر بھی

منگلورو سائی مندر کے پاس بی جے پی کی تشہیر - بھکتوں نے جتایا اعتراض

منگلورو کے اوروا میں چیلمبی سائی مندر کے پاس رام نومی کے موقع پر جب بی جے پی والوں نے پارلیمانی انتخاب کی تشہیر شروع کی تو وہاں پر موجود سیکڑوں بھکتوں نے اس کے خلاف آواز اٹھائی جس کے بعد بی جے پی اور کانگریسی کارکنان کے علاوہ عام بھکتوں کے درمیان زبانی جھڑپ ہوئی