بھٹکل سرکل پولس انسپکٹر گنیش کو ملی ترقی؛ ڈی وائی ایس پی کے عہدہ کے ساتھ مینگلورہوں گے ٹرانسفر
بھٹکل 4/اگست (ایس او نیوز) بھٹکل پولیس اسٹیشن میں سرکل پولس انسپکٹر کے بطور تعینات کے ایل گنیش کو عہدے میں ترقی دے کر ڈی وائی ایس پی بنایا گیا ہے۔ موصولہ اطلاع کے مطابق انہیں مینگلور خفیہ محکمہ کے لئے ٹرانسفر کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ جنوری 2018میں کے ایل گنیش نے بھٹکل سرکل انسپکٹر کے طور پر عہدہ سنبھالا تھا۔
بحیثیت سی پی آئی گنیش نے اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھائی ہیں اور عوام کے اندر اپنی خوش مزاجی اور ملنساری کی وجہ سے ا نہوں اچھی خاصی مقبولیت پائی ہے۔ویسے عام طورپر بھٹکل تعلقہ کا ماحول زیادہ تر ہنگامہ آرائی اور کسی نہ کسی تنازعے کی وجہ سے اخباروں کی سرخیوں میں رہاکرتا ہے۔ لیکن سرکل انسپکٹر گنیش کی تعیناتی کے پورے عرصے میں یہاں امن وامان کی صورت حال زیادہ تر قابو میں رہی ہے اور خوشگوار ماحول بنا ہوا ہے۔سی پی آئی گنیش کے مقام پر تاحال بھٹکل میں کسی نئے آفیسر کو تعینات نہیں کیا گیا ہے۔
اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے پولس آفسر کے ایل گنیش نے بتایا کہ انہیں بھٹکل کے عوام کی طرف سے مکمل تعاون ملا جس کے لئے وہ یہاں کے لوگوں کے شکرگذار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اگلے دو تین دن بعد یہاں سے مینگلور کے لئے چلے جائیں گے۔