بھٹکل کے شہری خوف زدہ نہ ہوں۔ آئندہ جمعہ تک کاروار میں کروناوائرس کے علاج کے لئے اسپتال تیار ہوجائے گا۔ ڈی سی کا بیان
بھٹکل 28/مارچ (ایس او نیوز) ضلع شمالی کینرا کے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ہریش کمارنے اعلان کیا ہے کہ بھٹکل کے شہریوں کو خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے، کیونکہ ضلع انتظامیہ کووِڈ 19کی وباء سے نپٹنے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔
ایک اخباری بیان کے ذریعے انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ آئندہ جمعہ تک کاروار میں کرناٹکا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس کے اسپتال میں ایک کروڑ روپے کی لاگت سے کووِڈ 19کے مریضوں کا شعبہ پوری طرح تیار ہوجائے گا۔اس اسپتال میں مندرجہ ذیل سہولتیں ہونگی:
۱۔ آکسیجن کی سپلائی کے ساتھ150بستروں اور پوری طرح نگرانی والا آئسولیشن سینٹر (آئی ایس ای)
۲۔ آئسولیشن سینٹر کے علاوہ 50بستروں کا کوارنٹائن وارڈ ہوگا۔
۳۔ موجودہ کیمس ہاسپٹل کے 25بستر مریضوں کو کوارنٹائن کرنے کے لئے استعمال کیے جائیں گے۔
۴۔ موجودہ کیمس ہاسپٹل کے باہر آئسولیشن کے لئے 10بسترآئی سی یو کے ساتھ فراہم رہیں گے۔
اخباری بیان میں کہا گیا ہے کہ ضلع پنچایت چیف ایکزیکٹیو آفیسر تمام کارروائیوں کی پوری طرح نگرانی کررہے ہیں۔ تمام لوگوں سے کہا گیا ہے کہ اپنے اپنے گھروں میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ رہیں اورسکون اور اطمینان کے ساتھ مسکراتے ہوئے زندگی کے پل گزاریں اور کسی بھی قسم کی خوف و دہشت کا شکار نہ ہوں۔جھوٹی خبروں اور افواہوں کو ہوا نہ دیں۔ ضلع انتظامیہ آپ سب کی صحت کا خیال رکھنے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔ یاد رکھیں کہ جھوٹی خبر کو پھیلانے کا ذریعہ بننا بالکل اسی طرح خطر ناک ہے جس طرح کورونا وائرس پھیلانے کا سبب بننا۔