بھٹکل کا لڑکا بنگلور فٹ بال کلب کے لئے منتخب، انڈین ٹیم میں شامل ہونے کی توقع؛ ضلع شمالی کینرا سے منتخب ہونے والا پہلا کھلاڑی؛ فائنل ٹریل کے لئے بلاری روانہ
بھٹکل 6 اپریل (ایس او نیوز) بھٹکل سمیت ضلع اُترکنڑا کے عوام کے لئے بہت بڑی خوش خبری یہ ہے کہ یہاں کا ایک بارہ سالہ لڑکا احمد شاہ بندری ابن فواز شاہ بندری ہندوستانی انڈر۔12 فٹ بال ٹیم میں شامل ہونے کے فائنل اسٹیج پر پہنچنے میں کامیاب ہوگیا ہے، اور اگر اس اسٹیج میں بھی احمد کامیاب ہوتا ہے تو پھر اسے ہندوستانی قومی ٹیم میں شامل کیا جاسکتا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ بنگلور فٹ بال کلب (بی ایف سی ) ہندوستان کی واحد فٹ بال اکیڈمی ہے جو ایشین فٹ بال کنفیڈریشن کے تحت سند یافتہ ہے اور احمد شاہ بندری اس کلب کے فائنل فیس کے لئے منتخب ہوگیا ہے ۔
احمد کو اب ہندوستان بھر سے منتخب کردہ انڈر۔12 کے 30 ٹاپ فٹ بال کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا ہے جنہیں بلاری میں منعقدہ ایک ماہ کے فائنل ٹریل کے لئے روانہ کیا گیا ہے۔ پتہ چلا ہے کہ بلاری میں ایک ماہ کا فائنل ٹریل سیشن 3 اپریل سے شروع ہوچکا ہے،ا س ٹریل میں اگر احمد اپنا پرفارمنس منوانے میں کامیاب ہوتا ہے تو پھر اسے انڈر۔12 کی قومی فٹ بال ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔
ذرائع کی مانیں تو بنگلور فٹ بال کلب میں شمولیت پانے کے لئے کرناٹک کے مختلف اضلاع سے 1500 کھلاڑیوں نے اپنا پرفارمینس پیش کیا تھا جس میں احمد شاہ بندری کا پرفارمینس اتنا بہترین رہا کہ اس نے کرناٹک کے انڈر۔12 کے زمرہ میں ٹاپ فور کھلاڑیوں میں مقام بنالیا۔
بتایا جاتا ہے کہ بنگلور فٹ بال اکیڈمی ہندوستان کی مانی ہوئی ایک بہترین فٹ بال اکیڈمی ہے جہاں سے کئی ایک کھلاڑی نیشنل ٹیم کے لئے منتخب ہوچکے ہیں۔ ذرائع کی مانیں تو نیشنل ٹیم میں جگہ بنانے والوں میں انڈین فٹ بال ٹیم کے کپتان سنیل چھتری بھی شامل ہیں۔ اس اکیڈمی میں ہندوستان سمیت دیگر ممالک کے بھی بہترین کوچ موجود ہیں جبکہ انٹرنیشنل اسٹینڈرڈ کی سہولیات کھلاڑیوں کو فراہم کی جاتی ہیں۔
احمد شاہ بندری کے تعلق سے پتہ چلا ہے کہ وہ گذشتہ تین سالوں سے بھٹکل انٹر فٹ بال اسوسی ایشن (BIFA) کا کھلاڑی ہے، مقامی سطح پر کئی ٹورنامنٹوں میں حصہ لے چکا ہے، انڈر 12 میں اسے بیسٹ پلئیر کا خطاب بھی مل چکا ہے جبکہ وہ دس سال کی عمر میں انڈر۔14 کے میچس میں بھی حصہ لے کر بہترین پرفارمینس پیش کرچکا ہے۔
احمد شاہ بندری بھٹکل کے علی پبلک اسکول میں چھٹی کا طالب علم ہے اور اسکول ذرائع کے مطابق وہ لکھائی پڑھائی میں بھی کافی ذہین ہے اور اسکول میں ہمیشہ ٹاپ کرتا آیا ہے۔
فٹ بال میں احمد شاہ بندری کے اس بہترین پرفارمینس پر بیفا کے صدر اور اُترکنڑا ڈسٹرکٹ فٹ بال اسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری ماویہ محتشم اور بیفا کے جنرل سکریٹری حِبّان شاہ بندری سمیت علی پبلک اسکول کے صدر مولانا الیاس جاکٹی ندوی صاحب نے مبارکباد پیش کی ہے اور مستقبل میں بھی اس کی مزید کامیابیوں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔