بھٹکل تعلقہ جنگلاتی علاقے کو شراوتی جنگلاتی زون میں شامل کرنے کے خلاف 10/اکتوبر کو بھٹکل میں ہوگا زبردست احتجاجی مظاہرہ
بھٹکل 18/ستمبر (ایس او نیوز) بھٹکل تعلقہ جنگلاتی علاقے میں شراوتی جنگلاتی زون میں شامل کیے جانے کے خلاف جنگلاتی زمین پر حقوق کے لئے جدوجہد کرنے والی اتی کرم داروں کی ہوراٹا سمیتی سرسی اور بھٹکل تعلقہ یونٹ کے اشتراک سے 10/اکتوبر کوصبح دس بجے بھٹکل میں زبردست احتجاجی مظاہرہ ہوگا۔اس بات کی اطلاع جنگلاتی زمین کے حقوق کی تنظیم کے صدر ایڈوکیٹ رویندرا نائک نے پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے دی ہے۔
ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ بھٹکل کے ستکار ہوٹل میں ہوراٹا سمیتی کی ایک میٹنگ اُن ہی کی صدارت میں 17ستمبر کو منعقد ہوئی جس میں تعلقہ یونٹ کے ذمہ داران اور اراکین موجود تھے۔ اس میں حکومت کی طرف سے کیے گئے اس اقدام سے بھٹکل تعلقہ میں جنگلاتی زمین پر رہائش پزیر افراد پر ہونے والے منفی اثرات پر روشنی ڈالی گئی۔ اور اس حکم کو واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک احتجاجی مظاہر ہ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
خیال رہے کہ حکومت کی طرف سے ضلع شمالی کینرا کے بھٹکل تعلقہ میں واقع کوپّا، ہینجلے، افّا، بداباگ، ہیسرولّی، ہلیانی، کیکوڈ، ہاڈوولّی، کولواڈی، اروکّی، ہیجّے جیسے بہت سے جنگلاتی قصبوں کو شراوتی جنگلاتی زون میں شامل کیا گیا ہے۔میٹنگ کے دوران کہا گیا کہ حکومت کی طرف سے اگناشنی ریزرو فاریسٹ کے 30ہزار ہیکٹر علاقے کو شراوتی علاقے میں شامل کرنا عوامی مفاد کے خلاف ہے۔ اس قسم کے فیصلے سے پہلے عوامی رائے اور مشورے طلب نہیں کیے گئے اور حکومت نے یک طرفہ فیصلہ کیا ہے، جو کہ قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
میٹنگ میں ہوراٹا سمیتی کے ضلع کنوینر دیوراج گونڈانے استقبالیہ خطاب کیا۔ پانڈو رنگا نائک نے شکریہ اداکیا۔بھٹکل تعلقہ صدر راما موگیر، کمٹہ تعلقہ کے صدر منجو ناتھ مراٹھی، ایشور گونڈا، شبیر، شیو مراٹھی، پوُٹا مراٹھی، رضوان، عبدالقیوم،سلیمان، ایرپّا نائک، منجو ناتھ نائک وغیرہ موجود تھے۔