بھٹکل اتی کرم داروں نے سرسی پہنچ کر فوریسٹ سی سی ایف سے کیا انصاف کا مطالبہ ؛ آفسر نے کہا پرانے اتی کرم داروں کو نکال باہر نہ کرنے کی دیں گے ہدایت

سرسی:12؍فروری(ایس اؤ نیوز) فوریسٹ حقوق قانون کے تحت داخل کئے گئے پرانے اتی کرم داروں کی عرضیوں کو نکال باہر نہ کرنے کا فوریسٹ عملے کوحکم جاری کیاجائے گا۔ لیکن نئے اتی کرم کے لئے کوئی موقع نہیں دینے کا کینرا زون چیف فوریسٹ آفیسر ڈی یتیش کمار نے 130کلومیٹر دوربھٹکل سے آئے ہوئے اتی کرم داروں کو یقین دلایا۔
ضلع اتی کرم ہوراٹ گارر ویدیکے کے صدر رویندر نائک کی قیادت میں بھٹکل کے اتی کرم داروں نے بدھ کو سرسی میں سی سی ایف یتیش کمار سےملاقات کرتے ہوئے بھٹکل تعلقہ کے اتی کرم دار وں نے اعلیٰ آفسران کے سامنے یہ بات پیش کی کہ فوریسٹ محکمہ کا عملہ بھٹکل میں آتی کرم داروں پر ظلم ڈھاتے ہیں اور ہراساں کرتے ہیں ، آتی کرم داروں نے فوریسٹ آفسر سے انصاف کا مطالبہ کیا۔ اے سی ایف نے اس موقع پر کہا کہ وہ اپنے آفسران کو ہدایات جاری کریں گے کہ وہ خستہ حال مکانات کی دوبارہ تعمیر اور بنیادی سہولیات کے لئے کی جانی والی تعمیرات کے متعلق کسی کو پریشان نہ کرے۔
بالمشافہ ملاقات کی میٹنگ کے دوران ایک عورت نے اعلیٰ افسران کے سامنے اپنا دکھڑا سناتےہوئے کہاکہ محکمہ فوریسٹ کا عملہ امیر و رئیس لوگوں کے گھروں کو بچا کر صرف غریبوں کے گھر توڑتے ہیں، صرف عورتیں رہنے والے گھروں میں گھس کر ڈراتے ہیں، چارپانچ دہے پہلے اتی کرم زمین پر تعمیر کئے گئے گھر خستہ ہوگئےہیں اور گرنے کے قریب ہیں ، قرضہ لےکر گھر کی تعمیر کرنے آگے بڑھتے ہیں تو فوریسٹ محکمہ کا عملہ آکر سب کچھ گرا دیتاہے، بوٹ پہن کر گھروں کے اندر گھس آتے ہیں اور دھمکاتے ہیں۔ خاتون نے الزام لگایا کہ محکمہ فوریسٹ کے عملہ نے اتی کرم زمین پر دو منزلہ عمارت تعمیر کی ہے، اُس پر کوئی کاروار نہیں، خاتون نے سوال کیا کہ کیا غریبوں کے لئے قانون الگ اور امیروں کے لئے قانون الگ ہے ؟
اتی کرم داروں کی حمایت میں بات کرتےہوئے رویندر نائک نے پوچھا کہ جوقانون کہیں پر بھی نہیں ہے وہ صرف بھٹکل میں کیوں ہے ؟۔جھونپڑی میں رہنے والے غریب ،گھر کا ٹیکس ادا کرتے ہیں، ان کی رہائش والی زمین کی جی پی ایس بھی ہوچکی ہے،قانونی طورپر انہیں نکال باہر نہیں کیا جاسکتا، رویندرا نائک نے اس بات پر سخت ناراضگی ظاہر کی کہ ان سب کے باوجود عوام کو بھٹکل میں پریشان کیا جارہا ہے۔انکولہ کے جی ایم نائک نے افسران سے سوال کیا کہ ضلع کے چند مقامات پر فوریسٹ محکمہ کے عملے نے عوامی جذبات کا خیال رکھاہے، لیکن کئی مقامات پر حد سے زائد ظلم کررہے ہیں،یہیں کے لوگوں کو اسی زمین پر رہنے نہیں دیاجاتاہے تو پھر وہ کہاں جائیں گے ؟ میٹنگ میں بھٹکل کے اے سی ایف سدرشن ،ہوناور کے ڈی ایف اؤگنپتی ، اتی کرم زمینات کا معائنہ کرنے والے اے سی ایف رگھو، بھٹکل کے اتی کرم دار کی طرف سے دیوراج گونڈا ، سرسی کے ابراہیم صاحب سمیت مختلف تعلقہ جات کے ذمہ داران موجود تھے۔