بھٹکل : آئی آر بی کی بے پروائی کا نمونہ - نیشنل ہائی وے کے بازو میں موری کا کھلا دہانہ

بھٹکل ،20 / مئی (ایس او نیوز) نیشنل ہائی پر پورورگا میں چرچ کے قریب برساتی پانی کی نکاسی کے لئے ٹھیکیدار کمپنی آئی آر بی نے جو موری بنائی ہے اس کا دہانہ سڑک کے دونوں طرف سے کھلا پڑا ہے اور کسی خطرناک حادثہ کو دعوت دے رہا ہے ۔
آئی آر بی کی غیر ذمہ دارانہ حرکت اور بے پروائی کا یہ منھ بولتا ثبوت ہے کہ پچھلے کچھ مہینے پہلے یہ زیر سڑک پانی نکاسی کا نظام بنایا گیا تھا مگر آج تک اس کے اطراف نہ کوئی حفاظتی دیوار بنائی گئی ہے اور نہ موری کے دہاںے کو ڈھانکنے کا کوئی انتظام کیا گیا ہے ۔ یہاں قریب میں کنڑا اسکول ہے جس کی وجہ سے چھوٹے چھوٹے بچے ہمیشہ یہاں سے گزرتے اور دوڑ بھاگ کرتے نظر آتے ہیں ۔ اس کے علاوہ یہاں ہر وقت عوامی چہل پہل رہتی ہے ۔
برسات کے دنوں میں جب بڑی مقدار میں سڑک کے کنارے سے ہوتا ہوا اس موری میں بہنے لگے گا اور موری کے دہانے کھلے مگر پانی میں ڈوبے ہوئے ہونگے تو کوئی خطرناک حادثہ پیش آ سکتا ہے ۔ مگر تعجب ہوتا ہے کہ عوام کی طرف سے ٹھیکیدار کمپنی کے ذمہ داروں کو ممکنہ حادثات کی طرف توجہ دلانے کے باوجود کوئی اقدام نہیں کیا جا رہا ہے ۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بڑے حادثے کو ٹالنے کے لئے سرکاری افسران اور ٹھیکیدار کمپنی کو فوراً اس طرف توجہ دینی چاہیے اور حفاظتی بندوبست کرنا چاہیے ۔