بھٹکل میں آدھار کارڈ کا مسئلہ: بی ایس این ایل آفس اور سنڈیکیٹ بینک میں بھی شروع ہورہی ہے سروس
بھٹکل 28/اگست (ایس او نیوز) آدھار کارڈ کو لے کر بھٹکل میں بار بار عوام کی جانب سے نمبر نہ آنے اور روزانہ صرف چالیس لوگوں کو ہی ٹوکن دئے جانے پر سخت ناراضگی پائی جارہی ہے ایسے میں ایسی شکایتیں بھی موصول ہورہی ہیں کہ متعلقہ سینٹر میں کئی لوگ ایجنٹ کے طور پر کام کرتے ہوئے قطاروں میں کھڑے ہوتے ہیں اور پانچ سو روپئے میں ٹوکن فروخت کرتے ہیں اس تعلق سے جب بھٹکل تحصیلدار سے شکایت کی گئی تو انہوں نے کہا کہ دلالوں کے ذریعے بدعنوانی کیے جانے کی بات پولیس کے علم میں لائی گئی ہے۔
جب اُن سے پوچھا گیا کہ لاکھوں لوگوں کو آدھار کارڈ بنوانے ہیں اور روزانہ صرف چالیس لوگوں کو ہی ٹوکن دیئے جارہے ہیں تو پھر لوگوں کا آدھار کارڈ کب تک بنے گا اور تمام لوگوں کو آدھارکارڈ فراہم کرنے کا کام کب تک مکمل ہوگا تو تحصیلدار وی پی کوٹرلّی نے کہا کہ آئندہ دس پندرہ دنوں کے اندر بھٹکل میں آدھار کارڈ کے دو مزید سینٹرس کھولے جارہے ہیں۔ ان کے مطابق بہت جلد اب بی ایس این ایل آفس اور سنڈیکیٹ بینک میں آدھار کارڈ کی سہولت فراہم کرنے کی پوری تیاری ہو گئی ہے۔