اترکنڑا ضلع میں ’بیٹی بچاؤ،بیٹی پڑھاؤ‘ منصوبہ جاری نہیں کیا گیا ہے: جعلسازوں سے عوام کو چوکنا رہنے کی اپیل
کاروار:23؍جولائی (ایس اؤ نیوز) محکمہ بہبود و خواتین و اطفال کے ڈپٹی ڈائریکٹر نے بتایا ہے کہ مرکزی سرکار کی ’بیٹی بچاؤ،بیٹی پڑھاؤ‘ اسکیم کے تحت 2لاکھ روپے امداد دلانے کے نام پر کچھ غیر مجاز اداروں، تنظیموں اور افراد کی جانب سے لڑکیوں کی ذاتی معلومات ایک نمونہ فارم پر درج کرنے اوردھوکہ دہی کرنے کی بات محکمہ کے علم میں لائی گئی ہے۔ اس لئے عوام ایسے افراد کے فریب میں نہ آئیں اور اس طرح کے معاملات کے تعلق سے پولیس میں شکایت درج کروائیں۔
محکمہ بہبودیئ خواتین و اطفال کے ڈپٹی ڈائریکٹر راجیندرا بیکل نے کہا کہ کسی بھی تنظیم یا فرد کو اس اسکیم کے تحت نقد رقم فراہم نہیں کی جاتی۔ غیر قانونی طور پرکچھ افراد اور تنظیموں کی طرف سے نقد امداد دلانے کے بہانے لوگوں کو دھوکا دینے اور ان سے رقم اینٹھنے کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔عوام کو چاہیے کہ وہ ان جعلسازوں کے جال میں نہ پھنسیں اور ذاتی زندگی کے بارے میں کسی بھی قسم کی معلومات کسی کو بھی فراہم نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ اگر کوئی شخص اس منصوبے کو لےکر تشہیر کرتا ہوا یا عرضیاں تقسیم کرتا ہوا پائے تو قریب کے آنگن واڑی کارکن/گرام پنچایت /اطفال فلاح و بہبودی افسر کے دفتر یا نائب ڈائرکٹر محکمہ برائے خواتین و اطفال کاروارکو اس کی اطلاع دیں یا پھر پولس تھانہ میں شکایت درج کرائیں۔