گوکرن سمندر میں ڈوب گیا بنگلورو سے سیاحت کے لئے آنے والا نوجوان
گوکرن، 4؍ اگست (ایس او نیوز) اپنے دوستوں کے ساتھ بنگلورو سے گوکرن ساحل پر سیاحت کے لئے آنے والا نوجوان سمندر میں تیرنے کے دوران تیز لہروں کی بھینٹ چڑھ اور پانی میں ڈوب کر فوت ہوگیا ۔
پیراڈائز بیچ پر اپنی جان گنوانے والے نوجوان کی شناخت ادوئیت جین (20 سال) کے طور پر کی گئی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ممبئی کے رہنے والے چار دوستوں کے ساتھ بنگلورو کا ادوئیت چار دن قبل گوکرن پہنچا تھا ۔ کل شام وہ اور اس کا ایک دوست پیراڈائز بیچ پر تیرنے کے لئے گئے اور دونوں تیز لہروں میں پھنس کر ڈوبے لگے تو مقامی افراد، کوسٹ گارڈ اور پولیس کا عملہ ان کی مدد کے لئے دوڑ پڑا ۔ لیکن ان میں سے صرف ادوئیت کے دوست کو بچانے میں کامیابی ملی ۔ جبکہ ادوئیت موت کے منھ میں چلا گیا ۔