موسلادھار بارش سے بنگلورو سمیت ریاست کے متعدد اضلاع متاثر، شہر میں کئی مقامات پر زمین دھنس گئی۔ نشیبی علاقے زیر آب ، اگلے چار دن تک بارش جاری رہنے کی پیشین گوئی

Source: S.O. News Service | Published on 30th April 2020, 11:55 AM | ریاستی خبریں |

بنگلورو،  30؍ اپریل (ایس او نیوز) کورونا وائرس کے تازہ معاملات میں اضافہ سے پریشان شہریان بنگلورو کو چہارشنبہ کی صبح موسلادھار بارش کی وجہ سے نئی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ صبح کی اولین ساعتوں سے کافی دیر تک مسلسل ہوتی رہنے والی بارش کے نتیجے میں جہاں شہر بنگلورو کے متعدد نشیبی علاقے زیر آب آگئے وہیں کئی مقامات پردرخت اور بجلی کے کھمبے اکھڑ گئے۔ کئی مقامات پر سڑکوں اور فلائی اووس کے کنارے ٹوٹ گئے۔ 3 بجے کے آس پاس شروع ہوئی اس بارش کا سلسلہ 6 بجے کے بعد بھی جاری رہا۔ بعض علاقوں میں صبح تک بارش ہوتی رہی۔

شہر کے شانتلا نگر وارڈ میں آنے والے ایس روڈ پر ایک عمارت کی تعمیر کے لئے کھدائی کی جگہ پانی بھر جانے کے نتیجے میں آس پاس کی زمین دھنس گئی۔ اس کے سبب قریب ہی واقع چھ عمارتوں  کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔

بی بی ایم پی کے عہدیداروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کسی بھی وقت یہ عمارتیں گرسکتی ہیں۔ گووند راج نگر علاقے میں آنے والے  پنتھر پالیہ میں اسی طرح ایک سڑک دھنس گئی۔ تاہم ان دونوں مقامات پر کسی طرح کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ۔ شہر کے پٹویگر پالیہ میں ایک نالہ کا کنارہ ٹوٹ جانے کے سبب سڑک کٹ چکی ہے اور اس علاقے میں لوگوں کا آنا جانا مشکل ہوجانے کی اطلاع ملی ہیں۔کورمنگا علاقے میں ایک بھاری درخت کار پر گر گیا جس کی وجہ سے کار تباہ ہوگئی۔ بنگلورو کے بیشتر علاقوں میں بارش کے سبب عوام کو پریشانی کی اطلاعات ملی ہیں۔ریاست کے دیگر علاقوں میں بھی بارش کے سبب عوامی زندگی جو پہلے ہی لاک ڈاؤن  کی وجہ سے معطل ہے درہم برہم ہو گئی۔ مسلسل بارش کی وجہ سے ریاست کا کاشت کار طبقہ کافی خوش ہوگیا ہے، ان کے لئے اب فصل بونے کا موقع میسر  آسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے تین چار دنوں کے دوران بنگلورو سمیت ریاست کے بیشتر اضلاع میں اسی طرح بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ بنگلورو کے علاوہ بنگلورو رورل ، رام نگرم، چامراج نگر، میسورو، چکبالاپور، ٹمکورو، کولار اضلاع میں بھاری بارش کی پیشین گوئی کی گئی ہے۔ بنگلورو کے بیشتر نشیبی علاقے بارش کی وجہ سے زیر آب آگئے۔

ریاستی محکمہ آفت سماوی کے ڈائر کٹر سرینواس ریڈی نے بتایا ہے کہ خلیج بنگال اور بحر عرب میں ہوا کا دباؤ کم ہونے کے سبب موسم میں اچانک تبدیلی واقع ہوئی ہے۔ اندیشہ ہے کہ آنے والے دو چار دنوں تک بارش کا یہ سلسہ جاری رہے گا۔

بنگلورو اربن میں 110 ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی۔ بنگلورو رورل میں 107 ایم ایم، رام نگر میں 66 ایم ایم ، چکبالاپور میں 82 ایم ایم، میسورو میں 20 ایم ایم ، چامراج نگر میں 102 ایم ایم ، کورگ میں 46 ایم ایم ، چکمگلورو میں 58 ایم ایم، منڈیا میں 94 ایم ایم  بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔میسورو ضلع کے ٹی نرسی پور تعلقہ کے بی سی ہلی میں سب سے زیادہ 120 ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ بنگلورو اربن ضلع میں آنیکل میں 110 ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی ہے جو سب سے زیادہ ہے۔ کونا پنا اگر بارا میں 90 ایم ایم بارش ریکارڈ ہوئی، ہگینا ہلی میں 85.5 ایم ایم ، بومن ہلی میں 83.5 ایم ایم ، پینا یا داسرہلی  میں 83 ایم ایم ، بنگلورو ساؤتھ میں 80.5 ایم ایم، ڈوملور میں 79.5 ایم ایم اور ودیا پیٹھا سرکل میں 77 ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی۔ 

ایک نظر اس پر بھی

وزیراعلیٰ سدارامیا نے کرناٹک میں بیس سیٹوں پرجیت درج کرنے کا ظاہر کیا عزم

کرناٹک دو مرحلوں یعنی 26/اپریل اور 7/مئی کو ہونے والے لوک سبھا انتخابات کو دیکھتے ہوئے ایک طرف بی جے پی لیڈران مودی کی گارنٹی کے نام پر عوام سے ووٹ دینے کی اپیلیں کرتے نظر آرہے ہیں تو وہیں کانگریس اور انڈیا الائنس کے لیڈران بی جے پی پرعوام کے ساتھ جھوت بولنے اوردھوکہ دینے کا ...

بی جے پی کرناٹک حکومت کو دھمکی دے رہی، نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار کا سنگین الزام

کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے بی جے پی پر سنگین الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ریاستی حکومت کو دھمکی دے رہی ہے اور لوگوں میں یہ پیغام پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے کہ خراب نظم و نسق کی وجہ سے اب ریاست کی کمان گورنر کے حوالے کر دی جائے گی۔

بی جے پی کانگریس ایم ایل اے کو رقم کی پیشکش کر رہی ہے: وزیر اعلیٰ سدارامیا

کرناٹک کے وزیر اعلی سدارامیا نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈروں پر الزام لگایا ہے کہ وہ کانگریس کے ممبران اسمبلی کو اپنی حکومت کے قیام کے بعد رقم کی پیشکش کر کے اپنی طرف راغب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔