بنگلورو کے کے جی ہلی، ڈی جے ہلی تشدد: حکمِ امتناعی کی مدت منگل تک توسیع
بنگلورو،17؍اگست (ایس او نیوز؍یواین آئی) بنگلورو کے کے جی ہلی، ڈی جے ہلی اور کاول بیرسندرا فساد میں ہوئے تشدد کے بعد نافذ حکمِ امتناعی کی مدت منگل تک بڑھا دی گئی ہے۔ان فسادات کے دوران پولیس کی فائرنگ میں 4 لوگ مارے گئے تھے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ یہ حکم آج صبح سے منگل18؍اگست تک مؤثر رہے گا۔بنگلورو کے پولیس کمشنر کمل پنت نے بتایا کہ اس حکم کے تحت ایک مقام پر دو افراد سے زیادہ لوگوں کے جمع ہونے،کسی بھی قسم کے ہتھیاروں کو لانے لے جانے اور کسی طرح کی میٹنگ کرنے پر پابندی لگائی گئی ہے۔اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔اس دوران اس فساد میں مبینہ طورپر شامل ایک شخص کی موت ہوگئی۔موت کی وجہ پیٹ میں چوٹ لگنا بتایا گیا ہے۔پولیس نے کہا”وہ (ملزم سعید ندیم) 12؍اگست سے جیل میں تھا۔اسے اتوار کی رات سینے میں درد ہونے پر بورنگ اسپتال لے جایا گیا۔ممکن ہے کہ اس کے پیٹ میں کسی سخت چیز سے چوٹ لگی تھی۔“انہوں نے بتایا کہ سعید(24)کو دیور جیون ہلی(ڈی جی ہلی) میں ہوئے فساد کے سلسلے میں 12؍اگست کو گرفتار کیا گیا تھا۔سعید گزشتہ جمعہ کی رات کورونا وائرس سے متاثر پایا گیا تھا۔