کرناٹک میں بنگلورو سمیت ریاست کے بیشتر اضلاع میں چوتھے دن بھی بارش؛ امسال قبل از وقت مانسون کی پیش گوئی
بنگلورو،20؍مئی (ایس او نیوز) کرناٹک میں بنگلورو سمیت ریاست کے بیشتر اضلاع میں چوتھے دن بھی لگا تار بارش رہی ہے۔ بنگلورو میں وقفہ وقفہ سے بارش ہورہی ہے۔ اور سرد ہوائیں چلنے سے لوگ گرم کپڑے پہننے پر مجبور ہوگئے ہیں۔
کہا جارہا ہے کہ امسال ملک میں مانسون قبل از وقت ہی شروع ہو چکا ہے۔ بنگلوروشہر میں ہوئی تیز بارش نے انتظامیہ کی نا اہلی کی پول کھول دی ہے۔ نشیبی علاقوں کی آبادیوں میں سینکڑوں لے آؤٹس میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہونے سے وہاں کے مکین رات جگا کرنے پر مجبور ہیں۔
بنگلورو شہر کے راج کالوے میں پانی کا بہاؤ تیز ہوگیا ہے اور کئی جگہ پانی آگے نہ جانے سے آبادیوں میں داخل ہورہا ہے۔ 1971 کے بعد بنگلورو میں ماہ مئی میں ریکاڈر بارش ہوئی ہے۔ یکم مئی تا 18؍مئی کے درمیان شہر میں 210 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ منگل کے دن صرف 2 گھنٹوں میں شہر میں 75 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔
بنگلورو کی اس ماہ ہوئی بارش میں اب تک 4 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ ڈوڈ بالا پور میں بجلی شارٹ سرکیوٹ کی وجہ سے 38 سالہ شخص کی موت ہوئی ہے۔ ہولے نرسیپور ضلع ہاسن میں اسکول کی پرانی عمارت بیٹھ گئی۔ اس حادثہ میں بھی ایک فرد فوت ہواہے۔ بنگلورو کے الال علاقہ میں پائپ لائن کے پانی میں پھنس کر 2 مزدور فوت ہوئے ہیں۔