بینگلورو : مرکزی وزیر کمارا سوامی کو ایس آئی ٹی چیف چندر شیکھر کا منھ توڑ جواب - ایک ملزم چاہے جس منصب پر بھی رہے ، وہ ملزم ہی ہوتا ہے
بینگلورو 29 / ستمبر (ایس او نیوز) مرکزی وزیر کمارا سوامی نے اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے لوک آیوکتہ ایس آئی ٹی کے اے ڈی جی پی چندرا شیکھر کے خلاف جس طرح کے سنگین الزامات لگائے تھے اس پس منظر میں اے ڈی جی پی نے منھ توڑ جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ضمانت پر جیل سے باہر رہنے والے کسی ملزم سے ڈرنے کی کوئی بات نہیں ہے کیونکہ ایک ملزم چاہے جس منصب پر بھی رہے ، وہ ملزم ہی ہوتا ہے ۔
اے ڈی جی پی چندرا شیکھر نے اپنے ساتھی افسران اور عملے کو ایک مراسلہ بھیجتے ہوئے ان کے اندر ہمت اور خود اعتماد بڑھانے کی کوشش کرتے ہوئے جارج برناڈ شاہ کے اس قول کا حوالہ دیا ہے کہ : "کبھی بھی سوروں کے ساتھ مت لڑنا کیونکہ اس لڑائی میں تم دونوں گندے ہو جاوگے اور سور یہی چیز پسند کرتا ہے ۔"
انہوں نے اپنے اس مراسلے میں کہا ہے :" میرے عزیز ساتھیو ! آج ایس آئی ٹی کرائم نمبر 16/14 کے ملزم ایچ ڈی کمارا سوامی نے اخباری کانفرنس میں میرے خلاف جھوٹے اور بد نیتی پر مبنی الزامات لگانے کے علاوہ دھمکانے کا کام کیا ہے ۔ ضمانت پر باہر رہنے والے ایک ملزم ایچ ڈی کمارا سوامی نے ہمیں اپنے فرائض ادا کرنے سے روکنے کی کوشش کی ہے ۔ مجھ پر ہلہ بول کرتے ہوئے ایس آئی ٹی افسران کے دل میں خوف پیدا کرنا ان کا مقصد ہے ۔ لیکن ایک ملزم ، ملزم ہی ہوتا ہے چاہے وہ کتنے بھی اونچے منصب پر فائز ہو جائے ۔ آپ کو ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔ میں فرائض کی ادائیگی کے تعلق سے کسی بھی بیرونی دباو سے آپ لوگوں کو تحفظ فراہم کروں گا ۔
اے ڈی جی پی چندرا شیکھر نے کہا ہے کہ ایس آئی ٹی چیف کی حیثیت سے نہ میں کسی سے خوفزدہ ہوں اور نہ ہی کسی کا طرفدار ہوں ۔ ہمارے پاس جو بھی جرائم کے معاملات ہیں ، ان سب میں مجرموں اور ملزموں کو انصاف کے کٹہرے تک لانا ہمارا کام ہے ۔ میں تم سب کو ہر قسم کے باہری دباو سے تحفظ کا تیقن دیتا ہوں ۔
یاد رہے کہ سنیچر کو کماراسوامی نے لوک ایوکتہ کے ایڈیشنل ڈی جی پی چندرشیکھر پر الزام لگایا تھا کہ وہ سیاسی مالکان کو خوش کرنے کے لئے اپوزیشن لیڈروں کو نشانہ بنارہے ہیں، کماراسوامی نے کہا تھا کہ انہیں بنگلور پولس کمشنر بنائے جانے کا وعدہ کیا گیا ہے، اس لئے وہ ایسا کررہے ہیں۔