موسلادھار بارش کے سبب بنگلورو کا نظام درہم برہم
بنگلورو،20؍ستمبر(ایس او نیوز) ایک ہفتہ کے وقفہ کے بعد ایک بار پھر موسلا دھار بارش نے شہر بنگلورو کے نظام کو درہم برہم کردیا ہے۔ تقریباً دو گھنٹوں کی بارش کے سبب شہر کے بیشتر علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا، جس کی وجہ سے ٹرافک کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔
بنگلورو شہر کے میجسٹک، ملیشورم، ہیبال، سمپگے ہلی، یلہنکا، بیاٹرائن پورہ، بی ای ایل، جئے نگر، بسونگڈی، سٹی مارکیٹ اور آس پاس کے علاقوں میں بارش نے حالات کو درہم برہم کردیا۔ سٹی مارکیٹ علاقے میں سڑکوں پر پانی کے ساتھ کیچڑ جمع ہوجانے کی وجہ سے لوگوں کوکافی پریشانی کا سامنا کرناپڑا۔
بتایا جاتا ہے کہ شہر کے جنوبی علاقوں میں آنے والی متعدد جھونپڑپٹیوں میں پانی بھرجانے کی وجہ سے لوگوں کو پریشانی اٹھانی پڑی۔ گزشتہ ہفتہ کی بارش کے بعد شہریان بنگلور نے تھوڑی راحت محسوس کی تھی۔لیکن ویک اینڈ منانے کی تیاریوں میں لگے افراد کے منصوبوں پر بارش نے پانی پھیر دیا۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ آنے والے دنوں میں بنگلورو سمیت ریاست کے دیگر جنوبی علاقوں بشمول میسورو، مڈیکری وغیرہ میں بھی زوردار بارش ہوسکتی ہے۔