بینگلورو ہائی کورٹ کی ہدایت : ملزم کو پولیس اسٹیشن میں طلب کرنے کی نوٹس میں تمام ضروی تفصیلات درج ہونی چاہیے
بینگلورو، 8 / اگست (ایس او نیوز) کرناٹکا ہائی کورٹ نے ریاستی حکومت کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی الزام کے تعلق سے اگر کسی شخص کو پولیس اسٹیشن میں طلب کرنا ہے تو اسے دی جانے والی نوٹس میں ایف آئی آر کی نقل، جرم کیا ہے اس کی معلومات، شکایت کا خلاصہ اور جرم کا اندراج نمبر جیسی تمام ضروری تفصیلات درج ہونی چاہیے ۔
عدالت عالیہ سے جاری حکم میں کہا گیا ہے کہ اس ضمن میں عوامی آگاہی کے لئے ریاستی ہوم سیکریٹری اور ریاستی ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کی طرف سے رہنما ہدایت جاری کرنا ہوگا ۔
ہائی کورٹ کی ایک رکنی بینچ کی طرف سے یہ ہدایت اس وقت جاری کی گئی جب بینگلورو امرتہلّی تھانے کے سب انسپکٹر کی جانب سے وہاٹس ایپ میسیج کے ذریعے پولیس اسٹیشن طلب کرنے کے معاملے کو چیلنج نے والی صحافی ٹی آر شیو پرساد کی عرضی پر سماعت ہو رہی تھی ۔ مذکورہ مختصر میسیج میں سب انسپکٹر نے کہا تھا کہ کل صبح تمہیں پولیس اسٹیشن آنا ہے ۔
شیو پرساد کی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے جسٹس ایم ناگ پرسنّا نے کہا کہ بھارتیہ نیائے سنہیتا کی دفعہ 35 کے مطابق کسی بھی ملزم کو دئے جانے والے نوٹس میں اگر چیک لسٹ شامل نہیں ہے تو پھر ایسا نوٹس پانے والے شخص کے لئے اسٹیشن ہاوس آفیسر کے سامنے پیش ہونا ضروری نہیں ہے ۔ اسی کے ساتھ پولیس کو بھی ایسے ملزم کے خلاف زبردستی کرنے کا اختیار نہیں ہے ۔ اس کے حاضر نہ ہونے پر پولیس کی طرف سے بدنیتی پر مبنی کوئی اقدام نہیں کیا جا سکے گا ۔
عدالت نے اپنے حکم میں یہ بھی ہدایت دی ہے کہ جیسے ہی ایف آئی آر درج ہو جائے اس کو آن لائن اپلوڈ کرنے اور اسے فوراً حاصل کرنے کا انتظام کیا جانا چاہیے ۔
خیال رہے کہ سمئے ٹی وی کے سی ای او وجئے ٹاٹا نے انہیں اور ان کے اہل خانہ کو جان سے مارنے کی دھمکی دئے جانے کا الزام لگاتے ہوئے پولیس کے پاس جو شکایت درج کروائی تھی اس پس منظر امرتہلّی پولیس تھانہ کا سب انسپکٹر نے ٹی آر شیو پرساد کو موبائل میں وہاٹس ایپ پر میسیج بھیجتے ہوئے کہا تھا کہ 'کل تمہیں پولیس اسٹیشن میں آنا ہوگا ۔'