بیلتھنگڈی 12/جنوری (ایس او نیوز) جنوبی کینرا ضلع کے بیلتھنگڈی تعلقہ میں ایک ہی خاندان کے چار افراد ندی میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے، جبکہ ایک خاتون کو بچالیا گیا۔ یہ اندوہناک حادثہ بدھ کی شام کو پیش آیا۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق مذکورہ خاندان بیلتھنگڈی کے کاجور درگاہ کی زیارت کے بعدگڈائی کلّو نامی مقام پر درگاہ میں حاضری کے لئے پہنچا تھا۔اس موقع پر قریب میں موجود ندی کے پاس سبحان نامی لڑکا ہاتھ پیر دھونے کے اترا اور پیر پھسلنے کی وجہ سے ندی میں گر گیا۔اس کو بچانے کے چکر میں ایک کے ایک بعد ندی میں کود پڑے۔لیکن ان پانچوں میں سے چارافراد ڈوب کر ہلاک ہوگئے۔اورایک خاتون کو زندہ بچالیا گیا ۔
ہلاک ہونے والوں کی شناخت اڈپی ضلع فقیر کٹّے کے رہنے والے رحیم(30 سال)، اس کی بیوی روبینہ(25 سال)، روبینہ کی بہن یاسمین(23سال) اور سبحان (15 سال) کے طور پر کی گئی ہے۔ جبکہ روبینہ کی والدہ میمونہ (۵۵سال)کوزندہ بچا لیا گیا ہے۔ اس قافلے میں شامل روبینہ کی دوسری بہن شاہینہ، روبینہ کے دو بچے نعیمہ(۴ سال) اور سہیل (۳سال) چونکہ پانی میں نہیں اترے تھے اس لئے ان کی بھی جان بچ گئی ہے۔
پولیس ایس پی مسٹر بھوشن بوراسے، سرکل انسپکٹر ناگش کدری، سب انسپکٹر روی اور تحصیلدار تیپّے سوامی نے موقعہ واردات پر پہنچ کر جائزہ لیا۔ بیلتھنگڈی پولیس اسٹیشن میں کیس درج کیا گیا ہے۔