بیلگام پولس اور آرٹی اؤ افسران پر کسانوں کی ٹریکٹرس روکنے کا الزام : بنگلورو کے ٹریکٹر پریڈ میں شرکت کے لئے نکلے تھے کسان

بیلگام:23؍جنوری (ایس اؤ نیوز) مرکزی حکومت کی جانب سے جاری کردہ زرعی قوانین کی مخالفت میں کسانوں نے یوم ِ جمہوریہ کے موقع پر 26جنوری کو دہلی میں ٹریکٹر پریڈ کا انعقاد کررہے ہیں، اسی ٹریکٹر پریڈ کی حمایت میں کرناٹکا کے کسان بھی بنگلورو میں سینکت ہوراٹا کرناٹکا ویدیکے کے زیراہتمام بڑے پیمانے پر ٹریکٹر پریڈ کرنے جارہے ہیں۔ بنگلورو کے پریڈ میں شامل ہونے نکلے بیلگام کے کسانوں اور ان کی ٹریکٹروں کو بیلگام ضلع پولس اور آرٹی اؤ افسران نے روک کر سواری ضبط کرنے کی دھمکی دینےکا واقعہ پیش آیا ہے۔
کسانوں نے بتایا کہ بیلگام سے نکلے کسانوں کے ٹریکٹر جب ہکیری تعلقہ گڈگیری دیہات کے قریب پہنچے تو ان کی سواریوں کو روک لیاگیا۔ اور الزام لگایا گیا کہ آپ کی سواریوں کے دستاویزات ٹھیک نہیں ہیں اس لئے تمہاری سواریاں ضبط کی جاسکتی ہیں کسانوں کو کہا گیا کہ وہ یہیں سے واپس چلے جائیں۔
بتایا جارہا ہے کہ دہلی میں ہورہے ٹریکٹر پریڈ کی حمایت میں ریاست کے چار حصوں سے کسان اپنی ٹریکٹروں کو لےکر بنگلورو میں جمع ہو رہے ہیں، جہاں زرعی قوانین کو واپس لینے کا مطالبہ لےکر بڑے پیمانے پر احتجاج ہوگا۔
بیلگام کےکسانوں کو روکے جانے پر ہوراٹا ویدیکے کے لیڈر بڈگلپور ناگیندر نے بتایا کہ کسانوں کو روکنے کی کوشش نہ کریں ورنہ ریاست بھر کے عوام سڑک پر اُتر آئیں گے۔ ریاست بھر کے کسان بنگلورو میں جمع ہورہےہیں، انہوں نے پولس سے اپیل کی کہ وہ ہمیں بہتر تحفظ فراہم کریں ، اس سلسلے میں بیلگام کے ایس پی اور پولس کمشنر سے بات کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بنگلورو کے ٹریکٹر پریڈ میں 5000ٹریکٹر اور دیگر سواریاں شریک ہونگی اور قریب 25000ہزار جہدکار سماویش میں شرکت کریں گے۔
کسانوں نے بتایا کہ ہم زرعی قوانین کی مخالفت میں پریڈ کررہےہیں، یہ ملک بھر کے کسان تنظیموں کا متفقہ فیصلہ ہے، اسی پریڈ میں شرکت کے لئے بیلگام سے کسان نکلے ہوئےتھے۔ لیکن پولس اور آرٹی اؤ افسران نے روک دیا اور حکم کی خلاف ورزی کرنے پر سواریاں ضبط کرنے کی دھمکی دی ۔