بنٹوال میں فوٹو اسٹوڈیو مالک پر قاتلانہ حملے کے 3ملزمین گرفتار،1ہوگیا فرار
بنٹوال،29؍اکتوبر (ایس او نیوز) فرنگی پیٹھ علاقے میں ’تریشا‘ اسٹوڈیو کے مالک دنیش پر قاتلانہ حملہ کرنے والے 3ملزمین کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے جبکہ ایک ملزم فرار ہونے میں کامیاب رہا ۔
پولیس کے بیان کے مطابق گرفتار کیے گئے ملزمین کے نام محمد ارشد (19سال)، عبدالرحمٰن (22سال) اور محمد سیف الدین (22سال) ہیں، جبکہ مفرور ملزم کی شناخت صواد کے طور پر کی گئی ہے۔بتایا جاتا ہے کہ بدھ کی شام میں 8 بجے کے قریب دنیش کے اسٹوڈیو میں گاہک کے بھیس میں چار نوجوان داخل ہوئے تھے ۔ پھر اچانک ان میں سے ایک نوجوان نے تلوار نکالی اور دنیش پر حملہ کردیا۔جس کی وجہ سے دنیش کے سر، بائیں ہاتھ اور پیٹ میں زخم آئے۔ اس وقت اسٹوڈیو کے اندر شیکھر پجاری نامی ایک شخص بھی موجود تھا اور اس نے ایک کرسی اٹھاکر حملہ آور پر اچھالتے ہوئے دنیش کو بچانے کی کوشش کی۔پھر زخمی دنیش کو اے جے اسپتال میں داخل کیاگیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ عصمت دری کے ایک کیس میں لڑکی والوں کا ساتھ دینے پر ناراض نوجوانوں نے دنیش پر جان لیوا حملہ کیا تھا۔بنٹوال پولیس اسٹیشن میں کیس درج کرلینے کے بعدسب انسپکٹر پرسنّا کی قیادت میں پولیس کی ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی جس نے ملزمین کو گرفتار کرلیا ہے اور مفرور ملزم کی گرفتاری کے لئے جال بچھادیا گیا ہے۔