بنگلہ دیش نے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 10 وکٹ سے شکست دی
راولپنڈی ، 26/ اگست (ایس او نیوز /ایجنسی) مہندی حسن سراج (چار وکٹ)، شکیب الحسن (تین وکٹ) کی عمدہ گیندبازی کی بدولت بنگلہ دیش نے اتوار کو پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 10 وکٹ سے شکست دے دی۔
بنگلہ دیش کی ٹیم نے آج یہاں پاکستان کے خلاف تاریخی جیت درج کی اور دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔ پاکستانی ٹیم نے دوسری اننگز میں بنگلہ دیش کے گیندبازوں کے سامنے ہتھیار ڈال دیے۔ محمد رضوان (51) کے علاوہ ان کا کوئی بھی بلے باز زیادہ دیر تک پچ پر نہ ٹک سکا۔
پاکستان کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 146 رن کے اسکور پر سمٹ گئی۔ صائم ایوب ایک رن، بابر اعظم 22 اور سعود شکیل صفر پر آؤٹ ہوئے۔ بنگلہ دیش کو پہلی اننگز کی بنیاد پر 117 رن کی برتری حاصل تھی۔ دوسری اننگز میں پاکستان کے 146 رن پر آل آؤٹ ہونے کے بعد بنگلہ دیش کو 29 رن کا ہدف ملا تھا جو اس نے بغیر کوئی وکٹ کھوئے 6.3 اووروں میں 30 رن بنا کر حاصل کر لیا۔ ذاکر حسن (15) اور شادمان اسلام (9) رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے قبل پاکستان نے پہلی اننگز چھ وکٹ پر 448 رن بنانے کے بعد ڈیکلیئر کر دی تھی، پاکستان کی جانب سے محمد رضوان اور سعود شکیل نے سنچری اننگز کھیلی۔ رضوان نے 239 گیندوں پر ناٹ آوٹ 171 رن بنائے۔ شکیل نے 141 رن کی اننگز کھیلی۔ صائم ایوب نے 56 رن بنائے۔ اس کے بعد مشفق الرحیم (191)، صدمان اسلام (93)، لٹن داس (56)، مہدی حسن معراج (77) نے اننگز کھیلی اور مومن الحق کی 50 رن کی بنیاد پر بنگلہ دیش نے 565 رن بناکر 117 رن کی سبقت لے لی تھی۔