بنگلورو کے ڈی جے ہلی اور کے جی ہلی کے شہید نوجوانوں کے ورثاء کو معاوضہ،امیر شریعت کے ہاتھوں ضمیر احمد خان نے فی خاندان 5لاکھ روپے کی رقم اد ا کردی

Source: S.O. News Service | Published on 22nd November 2020, 11:47 AM | ریاستی خبریں |

بنگلورو،22؍نومبر(ایس او  نیوز)بنگلورو شہر کے ڈی جے ہلی اور کے جی ہلی علاقہ میں ہوئے تشدد کے دوران ہوئی پولیس فائرنگ میں مارے گئے نوجوانوں کے ورثاء کو ہفتہ کے روز امیر شریعت کرناٹک مولانا صغیر احمد خان رشادی کے ہاتھوں رکن اسمبلی ضمیر احمد خان کی طرف سے 5لاکھ روپے فی خاندان کے حساب سے 20لاکھ روپے کی رقم دے دی گئی۔ تشدد کے فوری بعد اس علاقے کا دور ہ کرنے اور فائرنگ میں شہید ہونے والے نوجوانوں کے خاندان والوں کے گھر وں کی حالات زار دیکھنے کے بعد ضمیر احمد خان نے اعلان کیا تھا کہ وہ ان کے ورثاء کو اپنی طرف سے فی خاندان 5لاکھ روپے کی رقم ادا کریں گے۔ لیکن اس کے بعد علاقے میں طویل مدت تک امتناعی احکامات اور پھر خود ان کے کوویڈ سے متاثر ہوجانے کے سبب ا س رقم کی ادائیگی میں تاخیر ہوئی۔

ہفتہ کے روز دارالعلوم سبیل الرشاد میں مارے گئے نوجوانوں کے ورثاء کو امیر شریعت کرناٹک مولانا صغیر احمد خان رشادی کے ہاتھوں یہ رقم ادا کردی گئی۔ مولانا صغیر احمد نے اس موقع پر ضمیر احمدخان کی طرف سے کئے گئے اس کارنامہ کو مستحسن قرار دیا اور کہا کہ اس پسماندہ علاقے میں تشدد کے دوران مارے گئے نوجوانوں کے غریب خاندانوں کی معاشی حالت انتہائی خستہ تھی جس کو دیکھنے کے بعد ضمیر احمد نے اپنے طور پر ان خاندانوں کی مدد کرنے کا وعدہ کیا اور علمائے کرام کی موجود گی میں انہوں نے اپنے اس وعدے کو پورا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں بڑی تعداد میں بے قصور نوجوانوں کو گرفتار کر کے گزشتہ دو تین ماہ سے مقید رکھا گیا ہے ان نوجوانوں کی رہائی کے لئے جدوجہد جاری ہے اس میں کامیابی کے لئے دعاؤں کی اشد ضرورت ہے۔ ضمیر احمد خان نے اس موقع پر کہا کہ تشدد کے بعد جب انہوں نے علاقے کا دورہ کیا اور شہید نوجوانوں کے گھروں کے حالات دیکھے تو ان سے رہا نہیں گیا۔ حکومت کی طرف سے بھی ان نوجوانوں کے ورثاء کو معاوضہ دینے سے انکار کردیا گیا۔ اس لئے انہوں نے اعلان کیا کہ وہ ان نوجوانوں کے ورثاء کو فی خاندان 5لاکھ روپے ادا کریں گے انہوں نے اس وعدہ کو وفا کیا ہے۔ تشدد کے سلسلہ میں سابق میئر سمپت راج کی گرفتاری کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں لگتا کہ شہر کی پولیس نے سمپت راج کو بے وجہ گرفتار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سمپت راج کے خلاف سی سی بی نے تحقیق کر کے عدالت میں چارج شیٹ بھی داخل کردی ہے جس کے بعد انہیں گرفتار کیا گیا ہے اس لئے وہ کے پی سی سی صدر ڈی کے شیو کمار سے مانگ کرتے ہیں کہ سمپت راج کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے اور انہیں پارٹی کی بنیادی رکنیت سے برخاست کیا جائے۔اس موقع پر کانگریس لیڈر بی کے الطاف خان، سید مجاہد،علمائے کرام و دیگر ذمہ داران موجود تھے۔

ایک نظر اس پر بھی

گھوٹالہ باز جناردن ریڈی کی بی جے پی میں شمولیت مودی حکومت کے بدعنوانی ختم کرنے کے دعووں کی قلعی کھول رہی: کانگریس

کانگریس نے 35 ہزار کروڑ روپے کے غیر قانونی خام لوہا کانکنی گھوٹالہ کے ملزم جناردن ریڈی کے بی جے پی میں شامل ہونے پر آج زوردار حملہ کیا۔ کانگریس لیڈر پون کھیڑا نے نئی دہلی واقع کانگریس ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گھوٹالہ باز جناردن ریڈی کی بی جے پی ...

منگلورو میں 'جاگو کرناٹکا' کا اجلاس - پرکاش راج نے کہا : اقلیتوں کا تحفظ اکثریت کی ذمہ داری ہے 

'جاگو کرناٹکا' نامی تنظیم کے بینر تلے مختلف عوام دوست اداروں کا ایک اجلاس شہر کے بالمٹا میں منعقد ہوا جس میں افتتاحی خطاب کرتے ہوئے مشہور فلم ایکٹر پرکاش راج نے کہا کہ ایک جمہوری ملک میں اقلیتوں کو تحفظ فراہم کرنا اکثریت کی ذمہ داری ہوتی ہے ۔

تنازعات میں گھرے رہنے والے اننت کمار ہیگڈے کو مودی نے کیا درکنار

پارلیمانی الیکشن کے دن قریب آتے ہی اننت کمار ہیگڑے نے گمنامی سے نکل کر اپنے حامیوں کے بیچ پہنچتے ہوئے اپنے حق میں ہوا بنانے کے لئے جو دوڑ دھوپ شروع کی تھی اور روز نئے متنازعہ بیانات  کے ساتھ سرخیوں میں بنے رہنے کی جو کوششیں کی تھیں اس پر پانی پھِر گیا اور ہندوتوا کا یہ بے لگام ...

لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی نے اننت کمار ہیگڈے کو دکھایا باہرکا راستہ؛ اُترکنڑا کی ٹکٹ کاگیری کو دینے کا اعلان

اپنے کچھ موجودہ ممبران پارلیمنٹ کو نئے چہروں کے ساتھ تبدیل کرنے کے اپنے تجربے کو جاری رکھتے ہوئے، بی جے پی نے سابق مرکزی وزیر اور اُتر کنڑ اکے ایم پی، اننت کمار ہیگڑے کو باہر کا راستہ دکھاتے ہوئے  آنے والے لوک سبھا انتخابات میں  ان کی جگہ اُترکنڑا حلقہ سے  سابق اسمبلی اسپیکر ...

ٹمکورو میں جلی ہوئی لاشوں کا معاملہ - خزانے کے چکر میں گنوائی تھی  تین لوگوں نے جان

ٹمکورو میں جلی ہوئی کار کے اندر بیلتنگڈی سے تعلق رکھنے والے تین افراد کی جو لاشیں ملی تھیں، اس معاملے میں پولیس کی تحقیقات سے اب یہ بات سامنے آئی ہے کہ خزانے میں ملا ہوا سونا سستے داموں پر خریدنے کے چکر میں ان تینوں نے پچاس لاکھ روپوں کے ساتھ اپنی بھی جانیں گنوائی تھیں ۔