بھٹکل مسلم جماعت بنگلور کی طرف سے بھٹکلی طلبہ کے لئے اب نئے ہوسٹل کا افتتاح؛ بھٹکل کے قاضی سمیت بنگلور رکن اسمبلی نے بھی کی شرکت

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 13th October 2021, 6:11 PM | ساحلی خبریں |

بھٹکل 13/ اکتوبر (ایس او نیوز)   بھٹکل مسلم جماعت بنگلور کی طرف سے  سن2002 میں ایس ایم یحیٰ میموریل ہوسٹل کی شروعات کے بعد اب اُسی ہوسٹل سے متصل نئی عمارت میں ایس ایم سعید بلاک کا افتتاح کیا گیا جس میں مہمان خصوصی کے طور پر بھٹکل جماعت المسلمین  قاضی مولانا عبدالرب خطیب ندوی اور بنگلور ، شانتی نگر کے رکن اسمبلی این اے حارث نے شرکت کی۔

بھٹکل اور اطراف کے علاقوں کے کئی طلبہ  اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے زیادہ تر بنگلور کا رُخ کرتے ہیں، ایک اندازے کے مطابق صرف  بھٹکل کے ہی  پانچ سو سے زائد طلبہ بنگلور کے  مختلف تعلیمی اداروں  میں زیر تعلیم ہیں جن کے لئے رہنے کا انتظام والدین کے لئے اہم مسئلہ  رہا ہے، لیکن بھٹکل مسلم جماعت بنگلور نے  اس اہم مسئلہ  کی طرف توجہ دیتے ہوئے  سن2002 سے ہی بنگلور میں ایس ایم یحیٰ میموریل ہوسٹل قائم کرتے ہوئے  ایسے طلبہ کو  معقول فیس کے ساتھ رہائش کا مناسب  انتظام کیا ہے۔ چونکہ  ہوسٹل کی ایک عمارت میں سو طلبہ بھی سمانہیں سکتے اور سال درسال طلبہ کی تعداد میں اضافہ ہوتا جاتا ہے، جس کو دیکھتے ہوئے اب  بھٹکل مسلم جماعت بنگلور نےایک نئی عمارت خریدی ہے جس کا افتتاح اتوار مورخہ  10 اکتوبر 2021 کو بھٹکل جماعت المسلمین قاضی مولانا عبدالرب ندوی کی دُعاوں کے ساتھ کیا گیا ۔ اس موقع پر بنگلور شانتی نگر کے رکن اسمبلی این اے حارث  صاحب مہمان خصوصی کے طور پر تشریف فرما تھے۔

ہوسٹل کی اس نئی عمارت کو  ایس ایم سعید بلاک  کا نام دیا گیا ہے جس میں  جملہ 34 کمرے اور ایک ہال ہے۔ جماعت کے نائب صدر معاذ جوکاکو  نے بتایا کہ پانچ مالہ والے اس نئے ہوسٹل میں سنگل بیڈ، ڈبل بیڈاور ٹریبل بیڈ والے  کمرے ہیں جو اٹییچ باتھ کے ساتھ ہیں، اگر کوئی طالب علم  اپنے کمرے میں  اکیلا رہنا چاہتا ہے اور کسی اور کے ساتھ شیرنگ نہیں چاہتا تو وہ سنگل بیڈ والا کمرہ  بھی حاصل کرسکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ  پرانے ہوسٹل میں فی الحال قریب 65 طلبہ رہائش پذیر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بیسمنٹ میں پہلے جو کمرے تھے اُن کمروں کو نکال کر وہاں اب دونوں ہوسٹلوں میں  رہنے والے طلبہ کی  سواریوں کے لئے پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے، جبکہ نیا ہوسٹل  پانچ مالوں پر مشتمل ہے  اور یہاں 68 طلبہ کے رہنے کی گنجائش ہے۔

ہوسٹل میں چونکہ بھٹکلی باورچی کے ذریعے بھٹکلی کھانوں کے پکانے کا  انتظام ہے،نئے ہوسٹل میں رہائش پانے والے طلبہ بھی بھٹکلی کھانوں کی سہولت سے فائدہ اُٹھاسکیں گے۔  جماعت کے نائب صدر معاذ  جوکاکو نے بتایا کہ اگربھٹکل اور اطراف کے طلبہ جماعت کی طرف سے دی جارہی ان سہولیات کا  خاطر خواہ  فائدہ اُٹھاتے ہیں  اور بنگلور میں  رہ کر اعلیٰ تعلیم حاصل کرتے ہیں تو  ہوسٹل قائم کرنے کا  جماعت کا مقصد پورا ہوگا۔معاذ نے بتایا کہ بھٹکل سے اکثر  مریض حضرات بھی اپنے علاج معالجے کے لئے بنگلور تشریف لاتے ہیں، جس کو دیکھتے ہوئے  نئے    ہوسٹل کے دو کمروں کو  ایسے مریضوں کے لئے  مختص   کرنے کے کے تعلق سے غور کیا جارہا ہے  تاکہ یہاں آنے والے  مریضوں کو جماعت کی جانب سے رہائش کا مناسب بندوبست کیا جاسکے۔

اتوار صبح گیارہ بجے افتتاحی تقریب میں ایم ایل اے جناب این اے حارث  نے ربن کاٹ کر ہوسٹل کا افتتاح کیا، اپنے خطاب میں رکن اسمبلی این اے حارث نے بھٹکل کے عوام پر زور دیا کہ وہ حکومت کی طرف سے فراہم کی جارہی مختلف اسکیمات سے فائدہ اُٹھائیں، انہوں نے  اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ بھٹکل کے عوام سرکاری ملازمتوں کی طرف توجہ نہیں دیتے جس کی وجہ سے بھٹکل کے مسلمان ملک کے  مرکزی دھارے سے کٹے ہوئے ہیں، انہوں نے   نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ   ملک کے مرکزی دھارے میں شامل ہوکر قوم وملت کی خدمت کریں، انہوں نے   آئی اے ایس اور آئی پی ایس  کے امتحانات میں بھی شریک ہوکر ملک و  ملت  کی خدمت کرنے کی طرف  طلبہ کی توجہ مبذول کرائی  ۔بھٹکل جماعت المسلمین قاضی مولانا عبدالرب خطیب ندوی نے دُعا وں کے ساتھ طلبہ و ذمہ داران کو اہم  نصیحتوں سے  نوازا۔  

ہوسٹل کے وارڈن عمران خطیب نے جماعت کے سابق صدر مرحوم ایس ایم سعید کے تعلق سے معلومات فراہم کی جن کے نام سے ہوسٹل کی اس نئی عمارت کو منسوب کیا گیا ہے۔  انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے  صدر بھٹکل مسلم جماعت بنگلور کے سابق صدر ایڈوکیٹ مزمل قاضیا،  انڈین نوائط فورم کے صدر عبدالمجید جوکاکو،  فورم کے نائب صدر اور مینگلور جماعت کے صدر ایس ایم ارشد،  بھٹکل ویلفئیر سوسائٹی کے  سکریٹری  قادر میراں پٹیل اور  مرحوم ایس ایم سعید کے فرزند ایس ایم ارشاد نے  ا س موقع پر اپنے اپنے تاثرات پیش کئے۔ پروگرام میں   مرحوم ایس ایم یحیٰ ، پر ایک وڈیو ڈوکومینٹری پیش کی گئی جس میں مرحوم کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے اُنہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا تھا۔

پروگرام کا آغاز ہوسٹل کےطالب علم  عبدالبدی برماور کی تلاوت کلام پاک سےہوا، بھٹکل مسلم جماعت بنگلور کے جنرل سکریٹری نعمان پٹیل نے استقبال کیا، جماعت کے نائب صدر (اول) اور ہوسٹل نیز  بلڈنگ کنسٹرکشن  کمیٹی کے کنوینر معاذ جوکاکو نے صدارتی خطاب کے ساتھ ساتھ  ہوسٹل کے تعلق سے معلومات فراہم کیں۔  مصعب احمد  عابدہ نے مہمانان کا تعارف پیش کیا۔ جماعت کے نائب صدر (دوم) ابوبکر صدیق رکن الدین  نے نظامت  کے ساتھ  آخر میں شکریہ ادا کیا۔قاضی  مولانا عبدالرب ندوی کی دُعا پر جلسہ اختتام کو پہنچا۔  پروگرام میں شریک جماعت کے اراکین کے لئے  ظہرانہ کا بہترین انتظام تھا، پروگرام میں خواتین  نے بھی کثیر تعداد میں  شرکت کیں  جن  کے لئے  خصوصی انتظام کیا گیا تھا۔ جماعت کے صدر  ایس ایم نظام الدین صدیقہ  نے صدارت کی  ، سکریٹری اول سیفان شینگیری، سکریٹری دوم  ایڈوکیٹ آفاق کولا، خازن سُُہیل پٹیل ،  انٹرنل اوڈیٹر فیضان برماور سمیت کافی دیگر ذمہ داران بھی  موجود تھے۔

 

ایک نظر اس پر بھی

انکولہ میں ڈاکٹر انجلی نے بی جے پی پر کیا طنز : مجھے بیرون ضلع کی کہنے والوں کو میرے حلقے میں آنا ہی ہوگا 

انکولہ کے ناڈ ور ہال میں منعقدہ انتخابی تیاریوں کے جائزاتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اتر کنڑا حلقے کی امیدوار ڈاکٹر انجلی نمبالکر نے بی جے پی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا مجھے اتر کنڑا ضلع سے باہر کی امیدوار بتانے والی بے جے پی کو بھی میرے حلقے میں آنا ہی ہوگا ۔ انہیں شائد پتہ نہیں ...

کمٹہ میں ڈی کے شیوکمار نے کہا : دھرم کسی کی جائداد نہیں ہے ۔ بھگوان کو سیاست میں استعمال کرنا ناقابل معافی ہے

پارلیمانی انتخاب کی تیاریوں کے سلسلے میں کمٹہ میں منعقدہ  جائزاتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کے پی سی سی صدر اور نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوا کمار نے کہا کہ ہمارا یقین یہ ہے کہ دھرم چاہے جو بھی اس کا نظریہ ایک ہی ہے ، نام چاہے سیکڑوں ہوں ، مگر بھگوان ایک ہی ہے اور پوجا جیسی بھی ہو، ...

بھٹکل شمس الدین سرکل کے قریب بس اور آٹو رکشہ کی ٹکر؛ آٹو ڈرائیور شدید زخمی

  قلب شہر شمس الدین سرکل کے قریب  پرائیویٹ بس اور آٹو کی ٹکر میں آٹو ڈرائیور شدید زخمی ہوگیا جسے   بھٹکل سرکاری اسپتال میں ضروری طبی امداد فراہم کرنے کے بعد زائد علاج کے لئے کنداپور  لے جایا گیا ہے۔ زخمی ڈرائیور کی شناخت جامعہ آباد روڈ، ماسٹر کالونی کے رہائشی  محمد سُہیل ...

بھٹکل میں انجلی نمبالکر نے کہا؛ آنے والےانتخابات بی جے پی اور کانگریس کے درمیان نہیں ، امیروں اور غریبوں کے درمیان اور انصاف اور ناانصافی کے درمیان مقابلہ

  آنے والے لوک سبھا انتخابات میں اصل مقابلہ  بی جے پی اور کانگریس کے درمیان  نہیں ہوگا بلکہ  اڈانی اور امبانی جیسے  سرمایہ داروں  کو تعاون فراہم کرنے والوں اور غریبوں کو انصاف دلانے والوں کے درمیان ہوگا، صاف صاف کہیں تو یہ سرمایہ داروں اور غریبوں کے درمیان  مقابلہ ہے۔ یہ بات ...