بنگلورو میں صالیڈارٹی کی عظیم الشان کانفرنس، ہزاروں نوجوان مرد وخواتین کی شرکت : مثالی نوجوان اسلام پر عمل پیرا ہوتے ہوئےحالات کو بدل سکتاہے

Source: S.O. News Service | By Abu Aisha | Published on 18th December 2022, 10:38 PM | ریاستی خبریں |

بنگلورو:18؍ دسمبر(ایس اؤ نیوز )گرچہ ظلم وناانصافی ، نفرت اور بداخلاقی کی  تاریکیاں گہری ہوچکی ہیں  لیکن ہمارے مسلم نوجوان امید کی کرن ہیں ، اسلامی تعلیمات پر عمل پیر اہوتے ہوئے ایک آفتاب بن کر چمکیں گے اورملک وملت کے ساتھ  ساری انسانیت کی بھلائی اور بہتری کےلئے کام کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی ہند کےامیر جماعت انجنئیر سید سعادت اللہ حسینی نے کیا۔

وہ یہاں  18دسمبر 2022بروزاتوار کو بنگلورو کے قدوس عیدگاہ میدان منعقدہ جماعت اسلامی ہند کرناٹکا کی یوتھ ونگ صالیڈارٹی کے زیر اہتمام ’ امید ، ریزیلنس اور وقار کے مرکزی عنوان پرمنعقدہ  ایک روزہ کانفرنس کے اختتامی اجلاس میں شریک ہزاروں نوجوان مرد وخواتین سے خطاب کررہے تھے۔  انہوں نےکہاکہ مسلم نوجوان نہ ڈرتاہے نہ مایوس ہوتاہے کیونکہ  ڈر وخوف ، ایمان کےمنافی ہے۔انہوں نے مسلم نوجوانوں کو امید ویقین کے ساتھ آگے بڑھنے کی ترغیب دی ۔ امیر جماعت نے کہاکہ یہ  اللہ کی مستقل سنت ہےکہ وہ حالات کو بدلتےرہتاہےاور اللہ تعالیٰ اسی کشمکش کے ذریعے  امت کی زندگی کا سامان فرماتاہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ

 مسلم نوجوان خود غرض اور مفاد پرست  نہیں بلکہ ساری انسانیت ، ملک اور ہر شہری کے لئے رحمت بنیں گے۔انہوں نے مسلم نوجوانوں سے کہاکہ وہ  قربانیوں کا نذرانہ دے  کر ملک کو بچائیں۔ یہاں کے ہرشہری کے ساتھ  سچی خیر خواہی سے پیش آئیں۔ آزمائشیں کندن بناتی ہیں تاکہ مزید قوت کے ساتھ ملک کی بھلائی کےلئے کام کریں۔ امیرجماعت نے مسلم نوجوانوں سے خاص کر اپیل کی کہ وہ دلوں اور دماغوں کو فتح کرنےکی مہم چلائیں ۔آج کے حالات  قلعہ فتح کرنے کے نہیں ہیں،برادران ِ وطن کے سامنے اسلام کا پیغام عام کریں، غلط فہمیوں کو دورکریں ۔ سچی گفتگو سےدماغ فتح ہوتے ہیں تودل خدمت کے ذریعےجیتے جاتےہیں۔ مسلم نوجوان خدمت کا مرکز، سرچشمہ بن کر خدمت کریں گے تو دلوں کو جیت سکتےہیں۔ اپنے آپ کو مضبوط اور طاقت ور بنائیں۔ اسلام پر عمل کرنے والے بنیں، ہمارے کردار اسلام کی شہادت دیں۔ امت مسلمہ صحیح معنوں میں اسلام کے نمائندے بنیں۔

 عوامی اجلاس میں جماعت اسلامی ہند کرناٹکا کے امیر حلقہ ڈاکٹر سعد بیلگامی نے ’سماجی مصروفیات (دعوت) اور مسلم نوجوان‘ کے عنوان پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قرآن و حدیث سے غفلت اور بے عملی ہی سبھی مسائل کی وجہ ہے۔ مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ قرآن و حدیث کی طرف پلٹیں ، اس پر عمل کریں ایک مثالی معاشرہ پیش کریں تو حالات بدلنےمیں دیر نہیں لگتی ۔

تمل ناڈو کی فاطمہ شبریمالانے بہت ہی جذباتی انداز میں اپنے خیالات کا اظہار کرتےہوئے کہاکہ اسلام ہی واحد دین ہے جو عورت کو مکمل آزادی ،مقام اور حفاظت عطا کرتاہے۔ جمیعۃ العلماء ہند کرناٹکاکے نائب صدر مولانا احمد سراج قاسمی نے ’ ملت اسلامیہ کی بازیافت تاریخ کے حوالے سے‘ پر خطاب کرتےہوئے دین اسلام میں استقامت کی اہمیت، استقامت کی مثالیں اور استقامت کے ذرائع پر روشنی ڈالی اور کہاکہ  منزل جتنی اعلیٰ ہوگی اتنی ہی جدوجہد درکار ہے ، اس کے بغیر کامیابی ممکن نہیں ہے۔

صالیڈارٹی کے ریاستی صدر مولانا لبید شافعی  نے پرجوش خطاب کرتےہوئے کہاکہ مسلم نوجوانوں کو سب سے زیادہ عقل مند و دانش مند نوجوان بننا ہے۔ملت اسلامیہ ردعمل کی امت نہیں بلکہ عمل خیر کی امت ہیں۔ مسلم نوجوانوں کو بااثر ہونے کےسا تھ ساتھ اعلیٰ خیالات ، اعلیٰ سمجھ پیدا کرنی ہوگی۔ ایسے معاشرے کی تشکیل  کرنی ہوگی جس میں کسی انسان کو تکلیف نہیں ہوگی۔ مسلم نوجوان معاشرے کی امید ہیں۔ حالات کتنے بھی خراب کیوں نہ ہوں ، اللہ کی رحمت سے پرامید رہیں،  مثبت ذہنیت اپنائیں۔ اختتامی اجلاس میں بنگلورو میٹر کے امیر مقامی  صفدر سلطان  نے افتتاحی کلمات پیش کئے۔ جب کہ الطاف امجد نے صالیڈارٹی کےقراردادوں کی خواندگی کی۔ معاذ سلمان منیار نے شکریہ اداکیا۔

صالیڈارٹی کے افتتاحی اجلاس  میں جماعت اسلامی ہند کرناٹکا کی مجلس شوری ٰ کےرکن ڈاکٹر محمد طہٰ متین نے نوجوانوں سے خطاب کرتےہوئےکہاکہ مسلم نوجوان اپنے ملک، ملت، شہر ،گلی محلےاور گھر کےلئے نیک خواب سجاتاہے ، وہ خواب یہی ہےکہ کوئی بھوکا نہیں مرےگا، ہر ایک کو تعلیم، غذا اور صحت کی سہولیات ہرایک کو فراہم کرونگا۔ جہاں شراب، سود، نشہ، دھوکہ بازی ، نفرت کا کوئی نام نہیں ہوگا، وہ قانون پر مبنی ، انصاف کرنےو الی سیاست کا پروردہ ہے تاکہ ملک کےہرشہری کو انصاف ملے۔ وہ انصاف کی بنیاد پر معیشت کا نظام تشکیل دے گا تاکہ ہر شہری کی ضروریات پوری ہوسکیں۔

انہوں نے مثالی نوجوان کی خصوصیات بتاتے ہوئے کہاکہ ہم فتنہ و فساد، دنگے اور ہنگامہ خیزی کے طریقے نہیں کریں گے ، اگر ہم دنیا اورملک کو بدلنا چاہتےہیں تو اس کے لئے قرآن و سنت کا طریقہ ہی بہتر ہوگا۔ برائی کو نیکی سے دفع کریں گے۔اگر وہ  ماریں گے، غصہ کریں گے ، جھوٹ سےکام لیں  گے تو ہم سچ سے کام لیں گے۔اگر وہ ہمیں کچلیں گے ، جیل بھیج دیں  گے تو  ہم معاف کریں گے۔ وہ چوری کریں تو ہم صدقہ دیں گے۔ اللہ اور رسول کی سنت کو اپنائیں گے۔  اگر وہ ظلم کریں گے تو ہم احسان  کریں گے ،وہ  توڑیں  گے تو  ہم جوڑیں گے  نفرت کو محبت سے ،تکلیف  پر معاف کریں گے۔ حالات کوئی معنی نہیں رکھتے۔ مسلم نوجوان رحمت کا فرشتہ ہوتاہے ، ایسے اخلاق اپنائیں کہ ہرکوئی ہمیں پسند کریں ۔ ہم سے متاثر ہو اور وہ ہمارا ہوجائے۔

سکریٹری حلقہ اور شانتی پرکاشن منگلوروکے مینجرمحمد کوئیں نے بزبان کنڑا خطا ب دلوں کو جوڑنے کے متعلق گفتگو کی۔ انہوں نے بتایا کہ  ملک تقسیم کے وقت جو حالات تھے وہ آج سےکہیں بدتر تھے، امت مسلمہ خاص کر مسلم نوجوانوں کو ان حالات کا سامنا کرنا ہے۔ بھیانک اسلاموفوبیا کے چلتے مسلمان پراعتماد ،پرسکون اندازمیں اپنا دعوت کا فریضہ انجام دے رہی ہے۔ البتہ مسلم نوجوانوں کو حالات کا شعور ہو۔ بے وقوفی ، جذباتی انداز  نقصان پہنچاتے ہیں۔ جذبات سےہی ملک کی تقسیم ہوئی۔ امت ہاری نہیں ، خود اعتماد ی کے ساتھ جیتی رہی ہے۔ اندھیرے کو اندھیرےسے ، نفرت کو نفرت سے کبھی ختم نہیں کیاجاسکتا۔ دہشت، فرقہ پرستی ،تعصب سے پاک دین اسلام ہے۔ تعمیری ذہن کے ساتھ کام کریں تو دل جوڑیں گے۔ ایس آئی اؤ کے سابق  قومی صدر ، کیرلا صالیڈیارٹی کے صدرڈاکٹر نہاس مالا  نے ’ مثالی معاشرے کی تشکیل نو‘ پر خطاب کرتےہوئے آئیڈیل  اور رئیل سوسائٹی کا تجزیہ کیا۔ اور رئیل کو آئیڈیل بنانے کےلئے قرآن پر غورو خوض کرنےکی دعوت دی۔ اور بتایا کہ  فتنہ  سے بچنے کا واحد راستہ قرآن مجید اور سنت رسول ﷺ ہے۔

میڈیا، انٹرپرینیورشپ اور سیاست  کے عنوان پر  صالیڈارٹی کے ذمہ دار حمزہ معظم علی نےغرض وغایت پر روشنی ڈالی۔ بیری گروپ کے چیرمین سید محمد بیری نے اپنے کاروباری سفر اور معاشی خود مختاری کے متعلق اظہارِ خیال کیا تو کوئل فاؤنڈیشن کے سہیل کےکے نے اسلاموفوبیا کے انسداد کے راستے پر خطاب کیا۔  

کے پی سی سی کے ترجمان نکیت راج موریا نے ’ تقسیم کی سیاست اور پولرائزیشن کا مقابلہ‘ کے عنوان پر خطاب کرتےہوئے کہاکہ  انسان ، انسان کےدرمیان تعلقات اور رابطہ پیدا کرنے کے کام کو ہی وطن پرستی کہتے ہیں، کرناٹکا میں مذہب کے تعلق سے جو بھی ہنگامے برپا کئے جارہے ہیں اس کی وجہ مذہب نہیں بلکہ سیاست ہے۔ ہم ایک دوسرے سے مل جل کررہیں، ایمانداری ، عدم تشدد کی راہ  اپنائیں یہی جدوجہد ملک کو بہتری کی طرف لے جائےگی۔ راستے کٹھن ہیں کئی چیلنجس ہیں، نفرت کی بنیاد پر لیڈر ہوسکتےہیں ، الیکشن جیت سکتےہیں، بھائی چارگی ، محبت کے راستے بڑے کٹھن ہیں۔ بے انصافی کبھی کسی کو راحت نہیں دیتی ۔ گھرکا مطلب دیوار، کھڑکی، صوفہ ، بلب ، پنکھا نہیں بلکہ گھر کا مطلب محبت ، پیار، ملک کامطلب سرحد نہیں ،پہاڑ، دریا، نہیں ۔ ہم ملک ہیں یعنی یہاں کے شہری ملک ہیں۔ محب وطنی کامطلب ذمہ داری ہے۔

سہیل کےکے کی نظامت میں بعنوان ’’میڈیا اور سوشیل میڈیا اور سیاست  ‘‘ پر ایک مذاکرہ ہوا جس میں کنڑا روزنامہ پرجاوانی کے موظف نائب مدیر بی ایم حنیف، کوئنٹ کے صحافی آدتیہ مینن اور میڈیا کے ماہر اور سنئیر صحافی پرشانٹ ٹنڈن نےاپنے خیالات کا اظہارکیا۔ ریاستی کانفرنس کے کنونیر محمد عقیل ایس نے افتتاحی کلمات پیش کرتے ہوئے مسلم نوجوانوں میں چار خصوصیات اللہ پر پختہ ایمان، اخلاص و سنجیدگی ،جوش وجذبہ اور  ولولہ اور عمل کو لازمی قرار دیا۔

ڈائس پر صالیڈارٹی یوتھ موؤمنٹ کرناٹکا کےجنرل سکریٹری ریحان ۔ جماعت اسلامی ہند کرناٹکا کے معاون امیر حلقہ مولانا محمد یوسف کنی ، سکریٹری حلقہ مولانا وحید الدین خان عمری ، صالیڈارٹی کے  ریاستی مجلس عاملہ کے اراکین محمد عقیل ، محمد معاذسلمان منیار،حمزہ معظم علی ، محمد علی مرتضیٰ،  یاسین کوڑی بینگرے ، فاروق تیرتھ ہلی ،توصیف مڈکیری ، الطاف امجد،کرناٹکا صالیڈارٹی کے سابق صدورمحمد مدثر، اظہر اللہ قاسمی ، طاہر حسین ، محمد شبیر، صالیڈارٹی کے نظماء ضلع  موجود تھے۔

صالیڈارٹی ایکسلنس ایوارڈ2022 :ہاتھوں سے معذورمیکانک عبدالرحمن کلبرگی ، یو این اؤ حقوق انسانی کمیشن کی رکن کولار کی ڈاکٹر اشونی کے پی ، میڈیا میں’دی فائل‘ کے مدیرمسٹر جی مہانتیش بھدراوتی ،ایچ آئی وی سے متاثرہ بچوں کی پرورش کےلئے ’سنہیا دیپا‘ نامی ادارے کی نگراں کار  تبسم منگلورو، بنگلورو کے مرسی اینزل ادارے  کے کووڈ وارئیر تنویر احمد ،ماحولیات کے میدان میں محمد منصور ابن محمدغوث بنگلورو، پاور لفٹنگ کے میدان میں بنگلورو کے محمد عظمت ،تعلیمی میدان میں  سہیل بیگ کیرے بیلچی، معاشی خود مختاری اسوسی ایشن فار مسلم پروفیشنلس ،فن و ثقافتی کے میدان میں  شیخ احمد ادریس شیموگہ کو سال 2022کا ایوارڈ دیاگیا ۔

 

ایک نظر اس پر بھی

بی جے پی نے باغی لیڈر ایشورپا کو 6 سال کے لئے پارٹی سے معطل کر دیا

  کرناٹک میں آزاد امیدوار کے طور پر لوک سبھا الیکشن لڑ رہے بی جے پی کے باغی لیڈر کے ایس ایشورپا کو پارٹی نے 6 سال کے لئے معطل کر دیا۔ زیر بحث شیوموگا لوک سبھا سیٹ سے اپنی نامزدگی واپس نہیں لینے کے ایشورپا کے فیصلے کے بعد بی جے پی کی تادیبی کمیٹی نے اس تعلق سے ایک حکم جاری کر دیا۔ ...

ہبلی: سی او ڈی کرے گی نیہا مرڈر کیس کی تحقیقات؛ ہبلی، دھارواڑ کے مسلم رہنماوں نے کی قتل کی مذمت

ہبلی میں ہوئے کالج طالبہ نیہا قتل معاملے کو بی جے پی کی طرف سے سیاسی مفادات کے لئے انتہائی منفی انداز میں پیش کرنے کی مہم پر قابو پانے کے لئے وزیر اعلیٰ سدا رامیا نے اعلان کیا ہے کہ قتل کے اس معاملے کی مکمل تحقیقات سی او ڈی کے ذریعے کروائی جائے گی اور تیز رفتاری کے ساتھ شنوائی کے ...

کرناٹک کے نائب وزیر اعلی ڈی کے شیوکمار کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مقدمہ

لوک سبھا انتخابات 2024: کرناٹک کے نائب وزیر اعلی ڈی کے شیوکمار پر لوک سبھا انتخابی مہم کے دوران انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا الزام لگایا گیا ہے۔ پولیس نے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ یہ معاملہ کانگریس لیڈر شیوکمار کے ایک ویڈیو سے جڑا ہے۔ ویڈیو میں، وہ مبینہ طور پر ...

طالبہ کا قتل: کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا نے لو جہاد سے کیا انکار

کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا نے ہفتہ کو کہا کہ ایم سی اے کی طالبہ نیہا ہیرے مٹھ کا قتل لو جہاد کا معاملہ نہیں ہے۔ چیف منسٹر نے میسور میں میڈیا کے نمائندوں سے کہاکہ میں اس فعل کی سخت مذمت کرتا ہوں۔ قاتل کو فوری گرفتار کر لیا گیا۔ یہ لو جہاد کا معاملہ نہیں ہے۔ حکومت اس بات کو ...