پانچ مہینوں بعد آئی پی ایس اناملئی کا استعفیٰ منظور : کیا وہ تمل ناڈو کے سنگھ پریوار میں شامل ہوں گے ؟
بنگلورو:18؍اکتوبر(ایس اؤ نیوز) آئی پی ایس عہدے سے پانچ مہینے پہلے استعفیٰ دینے والے اناملئی کے استعفیٰ کو اب جا کر مرکزی حکومت نے منظور کرلیاہے۔ مستقبل میں اناملئی سنگھ پریوار کے کسی ایک ذیلی ادارے سے جڑ کر زندگی کا دوسرا دور شروع کرنے کے امکانات ظاہر کئے جارہے ہیں۔
سرکاری عہدے سے استعفیٰ دینے کے بعد اپنے مستقبل کے متعلق کوئی سراغ نہ دینے والے اناملئی کےتعلق سے افواہیں گردش میں ہیں کہ وہ تمل ناڈو میں سنگھ پریوار کے ساتھ کام کرسکتےہیں۔ اس موضوع کولے کر سوشیل میڈیا میں بحث چلتی رہی ہے۔
بنگلورو جنوبی علاقہ کے ڈی سی پی عہدے پر خدمات انجام دینے والے اناملئی نے نجی وجوہات کی بنا پر 28مئی کو سرکاری عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔ ریاستی حکومت نے ان کے استعفیٰ کو کچھ دنوں کے لئے روک رکھا تھا بعد میں مرکزی وزارت داخلہ کو ارسال کیا تھا۔ اب مرکزی وزارت داخلہ نے استعفیٰ قبول کرتے ہوئے سرکلر جاری کیا ہے۔