ریاست کے امن وامان میں خلل واقع ہواتو اس کے ذمہ دارپولس افسران ہی ہونگے : وزیر اعلیٰ سدرامیا کی پولس افسران کو ہدایات

بنگلورو:23؍ مئی (ایس اؤ نیوز ) ریاست میں امن اومان کو برقرار رکھنے میں پولس محکمہ کو مزید متحرک ہوکر کام کرنا ہوگا۔ اگر اس معاملےمیں کہیں کوئی کمزوری یا کوتاہی ہوئی تو انہی کو اس کا ذمہ دارمانا جائے گا۔ بنگلورو میں محکمہ پولس کے ساتھ منعقدہ میٹنگ میں محکمہ کے اعلیٰ افسران کو نومنتخب وزیر اعلیٰ سدرامیا نے ہدایات دیں۔ میٹنگ میں نومنتخب نائب وزیر اعلیٰ ڈی کےشیوکمار بھی موجود تھے۔
وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ریاست کےعوام بہت امیدوں کےساتھ نئی حکومت کو منتخب کیاہے۔ اب حکومت کی ذمہ داری ہے کہ عوام کے مسائل پر توجہ دیں ۔ افسران کا کام ہے کہ وہ عوامی مسائل پر خصوصی توجہ دیں، خاص کر بنگلورو شہر کے ٹرافک مسائل کو حل کرنے اور سائبر کرائم کی روک تھام کےلئے زائد توجہ دینے کی تاکید کی۔ اس موقع پر انہوں نےکہاکہ بنگلورو شہر کی ٹرافک کے متعلق ایک الگ سے میٹنگ کرتےہوئے اس پر گفتگو کرنےکی بات کہی۔
وزیراعلیٰ نے پولس افسران سے کہاکہ خاص کر سوشیل میڈیا پر فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو بگاڑنے ، کسی کی ہتک کرنے ، اشتعال انگیز پوسٹ کرنے والوں کےخلاف بغیر کسی جھجک کے قانونی کارروائی کریں۔ منشیات پر لازماً روک لگائیں۔ ہوئسلا دستہ ہمیشہ بیدار رہتے ہوئے جرائم کو روکے۔
اعلیٰ پولس افسران پولس تھانوں کا دورہ کریں اورجیلوں معائنہ کریں، اپنے مسائل کے حل کے لئے پولس تھانوں کو آنے والوں کے ساتھ بہتر رویہ اپنائیں۔ ان کے مسائل کو حل کرتےہوئے عوام کے ساتھ انصاف کرنے کی ہدایات دیں۔
وزیر اعلیٰ نےکہاکہ پولس تھانہ حدود میں ہونےو الی غیر قانونی کارروائیوں پر روک لگانے کےلئے پولس کو چاہئے کہ وہ سخت اقدامات کریں۔ غنڈہ گردی ، غیر قانونی کلبس، غیر قانونی سرگرمیاں ، ڈرگ مافیاکو ہماری سرکار برداشت نہیں کرے گی ۔ اگر کسی افسر نے اس کا موقع دیا تو اس افسر کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا انتباہ دیا۔ اسی طرح جوکوئی بہتر کام کرے گا اس کو شباشی بھی دیں گے اور اپنے فرائض میں کوتاہی برتی تو سخت کارروائی کریں گے۔ میٹنگ میں کابینہ کے وزیر کے جے جارج، کے ایچ منی اپا، ضمیر احمد خان، ایم بی پاٹل، ستیش جارکی ہولی ، وزیرا علیٰ کے پرسنل سکریٹری ڈاکٹر رجنیش گوئیل موجود تھے۔