آئی پی ایل : بنگلورو نے کولکاتا کو 8وکٹ سے دی شکست

Source: S.O. News Service | Published on 22nd October 2020, 2:30 PM | اسپورٹس |

ابوظہبی،22؍اکتوبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) کولکاتا نائٹ رائیدرس کے لیے آج کا دن انتہائی خراب ثابت ہوا کیونکہ صرف ٹاس جیتنے کے علاوہ ٹیم کے لیے کچھ بھی مثبت نہیں ہوا۔ ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کولکاتا کے کپتان ایان مورگن کے لیے پوری طرح غلط ثابت ہوا اور اس کے لیے ذمہ دار ان کے بلے باز کہے جائیں گے جنھوں نے 20 اوور میں محض 84 رن کا اسکور کھڑا کیا۔ اس چھوٹے اسکور کو بنگلور کی مضبوط بلے بازی والی ٹیم نے محض 2 وکٹ کے نقصان پر 13.3 اوور میں ہی حاصل کر لیا۔ بنگلور کے گیندباز محمد سراج کی تعریف کرنی ہوگی جنھوں نے اپنے 4 اوور میں سے 2 میڈن اوور پھینکے اور محض 8 رن دے کر 3 وکٹ حاصل کیے۔

کولکاتا کی خراب بلے بازی کا اندازہ اسی بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ دونوں سلامی بلے باز شبمن گل اور راہل ترپاٹھی محض 1-1 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے اور تیسرے نمبر پر اترے نتیش رانا بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ بنگلور کے گیندباز محمد سراج کی تعریف کرنی ہوگی جنھوں نے ٹیم کے لیے دوسرے اور اپنے پہلے اوور میں کوئی رن دیے بغیر دو وکٹ جھٹک لیے اور پھر اگلے اوور میں نودیپ سینی نے شبمن گل کو آؤٹ کر دیا۔ پھر سراج نے ٹم بینٹن کو بھی 8 رن کے انفرادی اسکور پر آؤٹ کر دیا۔ 3.3 اوور میں محض 14 رن پر کولکاتا کے 4 وکٹ آؤٹ ہو گئے اور ٹیم پوری طرح سے دباؤ میں آ گئی۔

ہاں پر دنیش کارتک اور ایان مورگن سے کافی امیدیں تھیں، لیکن دنیش کارتک بھی 4 رن بنا کر یجویندر چہل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ جلد ہی پیٹ کمنس کو بھی چہل نے 4 رن کے انفرادی اسکور پر پویلین بھیج دیا۔ اس وقت ٹیم کا اسکور 12.3 اوور میں 6 وکٹ کے نقصان پر 40 رن تھا اور کپتان ایان مورگن کے سامنے مسئلہ یہ تھا کہ تیزی سے بھی رن بنائیں اور وکٹ بھی نہ گنوائیں۔ رنوں کی رفتار بڑھانے کی کوشش میں وہ سولہویں اوور کی چوتھی گیند پر واشنگٹن سندر کا شکار ہو گئے۔ انھوں نے 34 گیندوں پر 30 اہم رن بنائے۔ بعد میں کلدیپ یادو اور لاکی فرگوسن نے سنبھل کر کھیلتے ہوئے کچھ رن بٹورے جس کی وجہ سے اسکور 20 اوور میں 84 رن تک پہنچ سکا۔ کلدیپ بیسویں اوور کی آخری گیند پر رن آؤٹ ہوئے۔ وہ 19 گیندوں پر 12 رن بنانے میں کامیاب ہوئے جب کہ فرگوسن نے 16 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 19 رن بنائے۔

آج پورے میچ میں ایک طرح سے بنگلور کے گیندباز ہی چھائے رہے۔ محمد سراج نے 4 اوور میں محض 8 رن دے کر 3 وکٹ لیے جب کہ یجویندر چہل نے 4 اوور میں 15 رن دے کر 2 وکٹ لیے۔ 1-1 وکٹ نودیپ سینی اور واشنگٹن سندر کو حاصل ہوا جنھوں نے بالترتیب 3 اوور میں 23 رن اور 4 اوور میں 14 رن دیے۔ کرس مورس نے 4 اوور میں 16 رن دے کر کوئی وکٹ حاصل نہیں کیا اور اوسورو اڈانا کو صرف 1 اوور کرنے کا موقع ملا جنھوں نے 6 رن دیے اور کوئی وکٹ نہیں ملا۔

85 رن کے چھوٹے ہدف کا پیچھا کرنے اترے بنگلور کے سلامی بلے باز نے شروع سے ہی ظاہر کر دیا کہ وہ کسی جلدبازی میں نہیں ہیں۔ اطمینان کے ساتھ انھوں نے بلے بازی کی اور خراب گیندوں پر شاٹ بھی لگائے۔ خصوصی طور پر دیودت پڈیکل بلاخوف شاٹ کھیل رہے تھے۔ بنگلور کا پہلا وکٹ ساتویں اوور کی دوسری گیند پر گرا جب ایرون فنچ کو لاکی فرگوسن نے وکٹ کیپر دنیش کارتک کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ یہ فرگوسن کا پہلا اوور تھا اور یہ حیران کن ہے کہ پچھلے میچ میں اپنی گیندبازی سے سبھی کو متاثر کرنے والے فرگوسن کو ایان مورگن نے ساتویں اوور میں گیندبازی دی جب میچ تقریباً ہاتھ سے نکل چکا تھا۔ فنچ جب 16 رن بنا کر آؤٹ ہوئے تب تک بنگلور کا اسکور 46 رن ہو گیا تھا۔

دوسرا وکٹ دیودت پڈیکل کا گرا جو اپنی غلطی کی وجہ سے رَن آؤٹ ہوئے۔ انھوں نے 17 گیندوں میں 3 چوکوں کی مدد سے 25 رن بنائے۔ اس کے بعد بنگلور نے کوئی وکٹ نہیں گنوایا اور آسانی کے ساتھ جیت کی طرف بڑھتے رہے۔ تیسرے نمبر پر اترے گرکیرت مان نے 4 چوکوں کی مدد سے 26 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 21 رن بنائے اور کپتان وراٹ کوہلی نے 2 چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 18 رن (17 گیندوں پر) بنائے۔ جیت کے لیے 85 رن کا ہدف بنگلور نے 13.3 اوور میں محض 2 وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

گیندبازی میں لاکی فرگوسن کے علاوہ کولکاتا کا کوئی گیندباز بنگلور کے بلے بازوں کو پریشان نہیں کر سکا۔ فرگوسن نے 4 اوور میں 18 رن دے کر 1 وکٹ حاصل کیا اور بقیہ گیندبازوں کو کوئی وکٹ نہیں ملا۔ چکرورتی ورون نے 4 اوور میں 28 رن، پیٹ کمنس نے 3 اوور میں 18 رن، اور پرسدھ کرشنا نے 2.3 اوور میں 20 رن دیے۔ حالانکہ ان گیندبازوں کی کارکردگی بہت بری نہیں رہی، لیکن کولکاتا کے بلے بازوں نے رن ہی اتنے کم بنائے تھے کہ اس کا دفاع کرنا آسان نہیں تھا۔

ایک نظر اس پر بھی

حیدرآباد نے آئی پی ایل کا سب سے بڑا اسکور بنایا ، ممبئی کو 31 رنز سے دی بری طرح شکست

آئی پی ایل 2024 کے 8ویں میچ میں سن رائزرز حیدرآباد نے ممبئی انڈینز کو 31 رنز سے شکست دے دی۔ میچ میں حیدرآباد نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں پر 277 رنز بنائے۔ جواب میں ممبئی کی ٹیم 20 اوورز میں 246/5 ​​رنز ہی بنا سکی۔ تلک ورما نے ممبئی کے لیے کافی دیر کوشش کی اور 64 رنز کی ...

آئی پی ایل 2024: دفاعی چمپئن چنئی نے جیت کے ساتھ کیا آغاز، بنگلورو کو 6 وکٹ سے ملی شکست

آج آئی پی ایل 2024 کا پہلا میچ دفاعی چمپئن چنئی سپرکنگز (سی ایس کے) اور رائل چیلنجرس بنگلور (آر سی بی) کے درمیان کھیلا گیا جس میں چنئی کو 6 وکٹ سے جیت ہاتھ لگی ہے۔ بنگلورو نے چنئی کے سامنے جیت کے لیے 174 رنوں کا ہدف رکھا تھا جسے اس نے 18.4 اوورس میں محض 4 وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اس ...

ہندوستان نے پانچویں ٹیسٹ میں انگلینڈ کو اننگ اور 64 رن سے شکست ، سیریز پر 4-1 سے قبضہ

دھرم شالہ میں کھیلے جا رہے پانچویں ٹیسٹ میچ میں ہندوستان نے انگلینڈ کو اننگز اور 64 رنز سےشکست دی  ہے۔ اس طرح ہندوستان نے سیریز 4-1 سے جیت لی۔ ہندوستانی ٹیم نے میچ کے تیسرے دن انگلینڈ کو بڑی شکست دی۔ انگلینڈ کی ٹیم دوسری اننگز میں بھی بری طرح لڑکھڑا گئی۔ صرف جو روٹ ہی بلے سے کچھ ...

ہندوستان نے دوسرے ٹیسٹ میں انگلینڈ کو 106 رنوں سے دی شکست، سیریز 1-1 سے برابر

) ہندوستان نے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ سے ملی شکست کا بدلہ آج وشاکھاٹنم میں لے کر سیریز کو 1-1 سے برابر کر دیا ہے۔ 5 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا ٹیسٹ ہندوستان نے 106 رنوں سے جیت لیا ہے۔ اس جیت کے ہیرو پلیئر آف دی میچ جسپریت بمراہ رہے جنھوں نے دونوں اننگ میں مجموعی طور پر 9 ...

کیپ ٹاؤن میں ہندوستان کی جنوبی افریقہ پر تاریخی فتح، میچ دوسرے ہی دن ختم، ٹیسٹ سیریز 1-1 سے برابر

ہندوستانی مینس کرکٹ ٹیم نے 2024 کا آغاز ایک شاندار اور ریکارڈ ساز جیت کے ساتھ کیا ہے۔ کیپ ٹاؤن کے نیولینڈس میں 3 جنوری سے شروع ہوا ٹیسٹ میچ 4 جنوری یعنی دوسرے دن ہی ختم ہو گیا۔ ہندوستان کو جیت کے لیے دوسری اننگ میں 79 رنوں کا ہدف ملا تھا جسے روہت بریگیڈ نے محض 3 وکٹ کے نقصان پر حاصل ...

جنوبی آفریقہ نے پہلے ٹیسٹ میں انڈیا کو دی ایک اننگ اور 32 رنوں سے شکست

جنوبی افریقہ کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ ہندوستانی ٹیم ایک اننگ اور 32 رنوں سے ہار گئی ہے۔ اس شرمناک شکست کا ذمہ دار ہندوستانی بلے باز اور گیندبازوں دونوں رہے، کیونکہ پہلی اننگ میں کسی طرح 245 رن کا اسکور بنانے کے بعد ہندوستانی ٹیم دوسری اننگ میں محض 131 رنوں پر ...