مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں سماجی فاصلے کی پابندی ختم

Source: S.O. News Service | Published on 18th October 2021, 12:25 AM | خلیجی خبریں |

ریاض،18؍اکتوبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) سعودی عرب نے ڈیڑھ سال سے زائد عرصے بعدمسجد الحرام اور مسجد نبوی کو 17 اکتوبر یعنی اتوار  سے معمول کے مطابق بغیر کسی پابندی کے کھولنے کا اعلان کردیا۔ کورونا وائرس کی ویکسین کی دونوں خوراک لگوانے والے افراد کو 17 اکتوبر سے مسجدالحرام اور مسجدنبوی میں داخلے کی اجازت ہوگی اور مکمل گنجائش کے مطابق اجازت دی جائے گی اور اس کے ساتھ ملک بھر میں دیگر پابندیوں پربھی نرمی کی جائے گی۔

حرمین شریفین انتظامیہ نے سماجی فاصلے کے لیے لگائی گئی علامتیں ہٹا دی ہیں، مسجدالحرام اور مسجد نبوی میں آج سے سماجی فاصلے کے بغیر نمازیں ادا کی جائیں گی۔ ایک اعلامیے میں انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کورونا وباء سے قبل کی صفوں کی اصل حالت کو بحال کیا جارہا ہے

انتظامیہ نے کہا کہ طواف یا سعی کرنے والوں کے لیے بھی سماجی فاصلے کا اصول ختم تاہم ماسک کی پابندی برقرار رہیگی۔ مسجد الحرام میں صحن مطاف میں سماجی فاصلے کے لیے لگائی گئی علامتیں ہٹا دی گئی ہیں۔ انتظامیہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ خانہ کعبہ اور مقام ابراہیم کے گرد لگائے گئے بیریئر بھی ہٹا دیے گئے ہیں۔

سعودی عرب میں تقریباً19 ماہ بعد مقدس مقامات کو عوام کے لیے مکمل طور پر کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ مارچ 2020 میں سعودی عرب نے ابتدائی طور پر مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام اور مدینہ منورہ میں مسجد نبوی نمازِ عشا کے ایک گھنٹے بعد سے نمازِ فجر سے ایک گھنٹہ قبل تک روزانہ بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔ بعد ازاں 21 مارچ کو سعودی عرب کے حکام نے کورونا وائرس کے باعث جمعہ اور پانچوں وقت کی نماز میںمسجدوں میں تعداد کم کرنے کے اقدامات کرتے ہوئے مسجد نبوی سمیت دیگر مساجد کے دروازے عام نمازیوں کے لیے بند کردیے تھے۔

بتایا گیا تھا کہ '40 سال میں پہلی مرتبہ عمرے کو روک دیا گیا، سعودی عرب اور خلیجی ممالک میں تمام مساجد نماز کے لیے مکمل طور پر بند کردی گئی ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر حرمین کی انتظامیہ کی جانب سے جاری پیغام میں کہا گیا کہ 'حکام کی جانب سے تازہ احکامات سامنے آنے کے بعد مسجد نبویؐ کے دروازے نمازیوں کے لیے بند کردیے گئے ہیں، تاہم ان کی اجازت پر کم تعداد میں نمازیوں کو کمپاؤنڈ تک جانے دیا گیا۔

مسجد الحرام اور مسجد نبوی امور کی جنرل پریذیڈنسی کے سربراہ اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے کہا ہے کہ وزارت داخلہ کے بیان کے مطابق اتوار 17 اکتوبر سے نئے ضوابط پر مکمل عمل درآمد کیا جائے گا۔یاد رہے کہ سعودی عرب نے سماجی فاصلے کی پابندی ختم کرتے ہوئے مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں مکمل گنجائش کے ساتھ زائرین اور نمازیوں کو آنے کی اجازت دی ہے۔

 وزارت داخلہ کے ذرائع نے بیان میں کہا تھا کہ ’مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی مدینہ منورہ میں پوری گنجائش کے مطابق زائرین کو آنے کی اجازت ہوگی۔ ‘ویکسین کی دونوں خوراکیں حاصل کرنے والے زائرین ماسک کی پابندی اورعمرہ ٹریکنگ ایپ استعمال کرتے ہوئے عمرہ ادا کرسکیں گے۔ کارکنوں کو بھی ماسک کی پابندی کرنا ہوگی

ڈاکٹر السدیس نے کہا کہ حرمین انتظامیہ اس حوالے سے مکمل تیاریاں کرچکی ہے اور معتمرین و زائرین کے استقبال کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حرمین شریفین کی انتظامیہ، اس کے تمام کارکنان نئے ضوابط کے تحت زائرین کی خدمت پوری تندہی سے کریں گے۔ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے کہا کہ دونوں مقدس مساجد میں تمام صحت ضوابط کی پابندی کی جائے گی تاکہ صحت کا ماحول سب کے لیے محفوظ رہے۔

 انہوں نے معتمرین و زائرین سے درخواست کی کہ وہ متعلقہ حکام اور کارکنوں سے تعاون کریں اور کورونا ایس او پیز کی پابندی کا حد درجہ خیال رکھیں۔  مسجد الحرام زائرین کے لیے تین دروازے جبکہ باقی نمازیوں کے داخلے اور باہر نکلنے کے لیے مختص تھے۔ اسی طرح تیسری سعودی توسیع والے حصے میں بھی نماز کی جگہ مکمل طور پر بحال کردی گئی ہے۔

الحجیلی نے مزید بتایا کہ طواف کے لیے 26 لائنیں بنائی گئی تھیں تاکہ تمام افراد آسانی سے اور حفاظت کے ساتھ اپنے شعائر کی ادائیگی مکمل کرسکیں۔ انجینیئر اسامہ بن منصور الحجیلی کا کہنا ہے کہ عمرہ زائرین اور نمازیوں کی خدمت کے لیے 870 اہلکار تعینات کیے گئے تھے جو اپنے وقت کے مطابق ڈیوٹی انجام دیتے رہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نماز جمعہ میں خدمات کے حوالے سے جو پلان تشکیل دیا گیا تھا اس کے لیے 440 اہلکار تعینات تھے جس میں سے 180 اہلکار نماز کی ادائیگی والے حصے میں تعینات تھے جبکہ مسجد الحرام آنے والی زائر خواتین کی خدمت کے لیے 250 خواتین اہلکارمقرر تھیں۔

 

ایک نظر اس پر بھی

سعودی عربیہ میں چاند نظر آگیا؛ سعودی سمیت عرب امارات، بحرین اور دیگر گلف ممالک میں رمضان کا اعلان؛ عمان میں ایک دن بعد یعنی منگل کو ہوگا پہلا روزہ

سعودی عربیہ میں آج اتوار شام کو چاند نظر آنے کے بعد سعودی عربیہ سمیت  متحدہ عرب امارات، قطر، بحرین اور کویت  میں    رمضان کا اعلان کیا گیا ہے۔البتہ مسقط میں رویت ہلال ثابت نہیں ہوا، اس لئے وہاں رمضان کا اعلان نہیں ہوا ہے۔

دبئی سمیت عمان میں بھی گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش

  دبئی سمیت متحدہ عرب امارات کی مختلف شہروں  میں موسلا دھار بارش  ہونے سے کئی علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق  ہفتہ کی صبح  دبئی ،ابو ظبی، فجیرا اور دیگر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی جبکہ دبئی کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارش کے ...

سعودی عرب کے ریاض میں دنیا کا بلند ترین ٹاور تعمیر ہوگا

الریاض میں دنیا کا بلند ترین ٹاور تعمیر ہوگا جس کی اونچائی دو کلو میٹر ہو گی۔سبق ویب سائٹ کے مطابق ’architects journal‘ نے کہا ہے کہ برطانوی کمپنی ریاض میں تعمیر ہونے والے بلند ترین ٹاور کا ڈیزائن تیار کر رہی ہے۔توقع کی جارہی ہے کہ ریاض میں تعمیر ہونے والا ٹاور برج خلیفہ سے بلند ہوگا ...

دبئی میں پرواسی ناخدا شیرور کے زیر اہتمام ’ناخداملن‘ کا کامیاب انعقاد

دبئی کے راشیدیہ پارک میں3مارچ بروز اتوار کوپرواسی ناخدا شیرورکے زیراہتمام  ’ناخداملن‘ کا کامیاب  انعقاد کیا گیا جس میں بالخصوص شیرور کی ناخدا برادری کے150سے زائد  لوگوں نے  شرکت کرتے ہوئے پروگرام کو کامیاب بنایا۔ 

النوائط ابوظہبی کا 50 سالانہ جشن - تقریری و تحریری مقابلے کی تاریخ میں توسیع

النوائط ابوظہبی کے پچاس سالہ جشن کے موقع پر جو تقریری و تحریری مقابلے کا اعلان کیا گیا تھا اورغزہ کے حالات کے پس منظر میں 50 سالہ جشن موخر کیے جانے کی وجہ سے ابھی تک اس مقابلے کے نتائج کا اعلان نہیں کیا گیا تھا ، اس سلسلے میں النوائط ابوظہبی کے ذمہ داران نے اطلاع دی ہے کہ جلد ہی ...