ونیش پھوگاٹ کے استقبال کے لیے ان کا گاؤں 'بلالی' سج دھج کر تیار، تہوار جیسا ماحول
نئی دہلی، 18/ اگست (ایس او نیوز /ایجنسی) ونیش پھوگاٹ پیرس سے ہندوستان پہنچ چکی ہیں۔ دہلی ہوائی اڈے پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا اس کے بعد ان کے گاؤں بلالی تک استقبال کی تیاری کی گئی ہے۔ گاؤں والے بھی اپنی اس پہلوان بیٹی کے استقبال کے لیے پُرجوش ہیں اور ان کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ وطن واپسی پر ونیش پھوگاٹ بھی کافی جذباتی نظر آئیں۔ انہوں نے عوام سے مل رہی اس محبت پر کہا کہ "میں ملک کے سبھی باشندوں کا شکریہ ادا کرتی ہوں، میں بہت خوش قسمت ہوں۔"
ونیش پھوگاٹ کے استقبال کے انتظار میں نظریں لگائے ان کے گاؤں میں اس وقت تہوار جیسا ماحول ہے اور یہ سج دھج کر پوری طرح تیار ہے۔ گاؤں میں لڈو سمیت کئی لذیذ پکوان بنانے کی تیاری ہے۔ ونیش کے اعزاز میں گاؤں کے کھیل اسٹیڈیم میں بھی ایک تقریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ ونیش کی والدہ پریم لتا پھوگاٹ نے کہا کہ "ہم خوش ہیں، پورا ملک اس کی خوب تعریف کر رہا ہے، میری بیٹی نے ملک کے لیے اچھا مظاہرہ کیا ہے۔ وہ اس بار گولڈ میڈل کی دعویدار تھی، پورا گاؤں اس کی تعریف اور استقبال کا انتظار کر رہا ہے، رشتے دار لڈو بنا رہے ہیں۔"
واضح ہو کہ ونیش پھوگاٹ پیرس اولمپکس 2024 میں کشتی مقابلے کے فائنل میں پہنچ چکی تھیں لیکن میچ سے قبل ان کا وزن 100 گرام زیادہ ہونے کی وجہ سے انہیں نااہل قرار دے دیا گیا تھا اور وہ فائنل کھیلنے سے محروم ہوگئی تھیں۔ نااہل قرار دیے جانے کی وجہ سے ونیش سونا کی امید سے محروم تو ہو ہی گئیں ساتھ ہی انہیں چاندی کے تمغہ سے بھی ہاتھ دھونا پڑا۔ حالانکہ انہوں نے اس کے لیے اپیل بھی کی تھی لیکن ان کی اپیل گزشتہ روز خارج کر دی گئی۔ ان سب کے باوجود ہندوستانیوں کو ونیش پھوگاٹ پر فخر ہے اور شائقین کے ساتھ ساتھ سیاسی رہنماؤں سمیت مختلف شعبہ سے تعلق رکھنے والوں نے انہیں ملک کا فخر قرار دیتے ہوئے ان کی خوب تعریف کی۔