اعظم خاں کو راحت، ہائی کورٹ نے گرفتاری پر روک 7 جنوری تک بڑھائی
الٰہ آباد، 11دسمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) رامپور سے سماج وادی پارٹی کے رہنما اعظم خان کو الہ آباد ہائی کورٹ سے بڑی راحت ملی ہے۔ بدھ کو ہائی کورٹ نے اعظم کے خلاف درج 13 مقدمات میں ان کی گرفتاری پر روک سات جنوری تک کے لئے بڑھا دی ہے۔ ان میں مرغی اور بکری چوری کے علاوہ بی جے پی لیڈر اور سابق ممبر پارلیمنٹ جیہ پردہ کے خلاف کے گئے تبصرہ کا معاملہ بھی شامل ہے۔ کورٹ نے یوگی حکومت کی طرف سے داخل جواب پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے اسے چار ہفتے کے اندر اندر نیا حلف نامہ دائر کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس سے پہلے عدالت نے پانچ دسمبر کو گرفتاری پر روک لگائی تھی اور حکومت سے جواب طلب کیا تھا۔اعظم خاں پر درج مقدمات کی سماعت جسٹس یشونت ورما کے بنچ میں ہوئی۔ اب اس معاملے میں عدالت نے سماعت کے لئے اگلی تاریخ سات جنوری طے کی ہے۔ کورٹ نے یوپی حکومت سے یہ بات خاص طور پر پوچھی ہے کہ، آخر کئی معاملات میں چار سال بعد کیس کیوں درج کئے گئے۔اعظم خاں کی جانب سے وکیل نے دلیل دی کہ ان کے خلاف سیاسی بدلے کے جذبے سے مقد مات درج کئے گئے ہیں، حقیقت سے ان کا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔اعظم خاں کے جن 13 مقدموں میں ہائی کورٹ نے گرفتاری پر روک بڑھائی ہے، ان سات رام پور کے یتیم خانہ سے منسلک ہیں۔ ان ہی میں سے ایک کیس مر غی اور بکری چوری کا ہے، جبکہ کچھ کیس لوک سبھا انتخابات کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے ہیں۔