عتیق الرحمن منیری اور شعور کولا دوبارہ مجلس ملیہ نوائط کالونی بھٹکل کے بالترتیب صدر اور جنرل سکریٹری منتخب
بھٹکل، 28 ستمبر (ایس او نیوز/حبیب اللہ محتشم): معروف بزنس مین اور کئی سماجی اداروں میں خدمات انجام دینے والے جناب عتیق الرحمن منیری دوبارہ بالاتفاق نوائط کالونی کی مجلس ملیہ کے صدر منتخب ہوگئے ہیں، جبکہ جناب شعور کولا بھی دوبارہ جنرل سکریٹری کی حیثیت سے منتخب ہوئے۔
اگلے تین سالہ میعاد کے لیے مجلس ملیہ کا انتخاب جمعرات کو منعقد ہوا، جس میں نائب صدر کے طور پر جناب محی الدین رکن الدین، سکریٹری کے طور پر جناب عرفات حُسین عسکری، محاسب کے طور پر جناب مناظر حسن سُکری، اور خزانچی کے طور پر جناب اسماعیل جوکاکو کا انتخاب عمل میں آیا۔
عہدیداران کے انتخاب سے قبل، سبکدوش ہونے والی انتظامیہ سے سات اراکین کا انتخاب کیا گیا تھا۔ 13 ستمبر کو ہونے والے انتظامی انتخابات میں 20 اراکین منتخب ہوئے، جبکہ 17 ستمبر کو پانچ مقامی اراکین کے ساتھ بیرون بھٹکل سے 10 اراکین کا انتخاب کیا گیا۔
انتخابی کارروائی کے دوران، مجلس کے سینئر رکن عبدالرقیب ایم جے ندوی کو ناظم اور عرفات حُسین عسکری کو نائب ناظم کی ذمہ داری سونپی گئی تھی، جنہوں نے بحسن و خوبی اپنے فرائض انجام دیے۔